Tuesday , January 23 2018
Home / جرائم و حادثات / نامپلی امیدوار فیروز خان کے بھائی پر حملہ

نامپلی امیدوار فیروز خان کے بھائی پر حملہ

ملزمین میں سابقہ کارپوریٹر کے شوہر شامل : مقدمہ درج

ملزمین میں سابقہ کارپوریٹر کے شوہر شامل : مقدمہ درج

حیدرآباد 12 اپریل ( سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی نامپلی میں تلگودیشم امیدوار فیروز خان کے رشتہ کے بھائی پر مقامی جماعت کے کارکنوں نے حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں وہ زخمی ہوگئے ۔ حملہ آوروں کی نصر اللہ قریشی ‘ شونی اور ابرار کی حیثیت سے شناخت ہوئی ہے ۔اس واقعہ کے بعد نامپلی میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ فیروز خاں کے رشتہ دار بھائی جبران اپنے بھائی کی انتخابی مہم کا جائزہ لینے بازار گھاٹ کے علاقہ پہونچے اس علاقہ میں فیروز خاں کے حامی مہم چلا رہے تھے اس دوران جبران کا سامنا سابقہ کارپوریٹر ریڈہلز ڈیویژن کے شوہر نصر اللہ قریشی ، شونی ، ابرار سے ہوا جو جبران سے الجھ پڑے ۔ زخمی حالت میں زیر علاج جبران کا الزام ہے کہ ہاکی اسٹک اور لاٹھیوں سے تقریبا 10 تا 15 افراد ان پرٹوٹ پڑے اور انہیں شدید زد و کوبی کا نشانہ بنایا اور ان کی گاڑی کو تباہ کردیا ۔ جبران بڑی مشکل سے وہاں سے بچ کر اپنے مقام پہونچ گئے جیسے ہی جبران پر حملہ کی اطلاع عام ہوگئی مہدی پٹنم میں پیدل دورے میں مصروف امیدوار فیروز خاں اور ان کے حامیوں کی کثیر تعداد بازار گھاٹ پہونچ گئی اور زخمی جبران کو لے کر پولیس اسٹیشن پہونچ گئے ۔ پولیس نے احتیاطی طور پر چوکسی اختیار کرلی تھی ۔ فیروز خاں نے پولیس اسٹیشن پہونچ کر احتجاج کیا اور شکایت درج کروائی ۔ انہوں نے اپنے کارکنوں و حامیوں سے صبر وتحمل کا مظاہرہ کرنے کی خواہش کی اور کہا کہ مخالفین کے حملے ان کے کیڈر کو کمزور نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ مقامی جماعت کے ظلم و زیادتی کا جواب نامپلی کے عوام دینگے ۔ انہوں نے کہاکہ مقامی جماعت ناکامی کے خوف سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے ۔ فیروز خاں کے حامیوں نے کہا کہ مقامی جماعت نے انہیں کانگریس ، ٹی آر ایس اور وائی ایس آر کانگریس سے ٹکٹ حاصل ہونے نہیں دیا جس کے بعد مجبورا فیروز خاں کو تلگو دیشم ٹکٹ پر مقابلہ کرنا پڑا ۔ انہوں نے بتایا کہ نامپلی مقابلہ پارٹی کی نہیں شخصیت کی بنیاد پر ہے جو مقامی جماعت کیلئے خوف کا باعث ہے ۔ انسپکٹر نامپلی مسٹر مدھو موہن ریڈی نے بتایا کہ حملہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ پولیس کو نصر اللہ قریشی شونی اور ابرار کی تلاش ہے ۔

TOPPOPULARRECENT