Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / نانک رام گوڑہ حادثہ ‘ مہلوکین کی تعداد 11 ہوگئی

نانک رام گوڑہ حادثہ ‘ مہلوکین کی تعداد 11 ہوگئی

حیدرآباد 10 ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) سائبر آباد کے نانک رام گوڑہ میں ایک زیر تعمیر عمارت کے منہدم ہونے کے واقعہ میں اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد 11 ہوگئی ہے جبکہ کل ہی دو افراد کو زندہ نکالا گیا تھا ۔ تلنگانہ کے وزیر کے ٹی راما راؤ نے یہ بات بتائی ۔ وہ بلدی نظم و نسق کا قلمدان بھی رکھتے ہیں۔ انہوں نے حادثہ کے مقام پر بچاؤ کاموں کی نگرانی کی ۔ انہوں نے کہا کہ صرف دو افراد کو زندہ نکال گیا ہے یہ ماں اور بیٹا ہیںاور ان کا تعلق چھتیس گڑھ سے ہے ۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم 13 کے منجملہ دو افراد کو بچاسکے ہیں جو چھ منزلہ عمارت کے ملبہ میں دبے ہوئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ مابقی 11 افراد اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تکلیف دہ واقعہ ہے اور ہم ریاستی حکومت کی جانب سے غمزدہ افراد خاندان سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔ یہ عمارت جمعرات کو رات 9 بجے منہدم ہوگئی تھی ۔ یہ انکشاف ہوا ہے کہ یہ عمارت قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعمیر کی جا رہی تھی ۔ کہا گیا ہے کہ بچاؤ اور امدادی کارکنوں بشمول نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے عملہ نے تمام نعشیں نکالے جانے تک سخت جدوجہد کی ہے اور اب یہ آپریشن پورا ہوچکا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ بیشتر مہلوکین شمال ساحلی آندھرائی علاقہ سے تعلق رکھنے والے ورکرس تھے جو منہدمہ عمارت کے سیلر میں مقیم تھے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ نعشوں کو آبائی مقامات کو منتقل کرنے پانچ ایمبولنس گاڑیوں کا انتظام کیا گیا ہے اور ریاستی حکومت کی جانب سے مہلوکین کے رشتہ داروں کیلئے فی کس 10 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا گیا ہے ۔ ڈپٹی مئیر جی ایچ ایم سی بابا فصیح الدین نے بتایا کہ ان نعشوں کا پوسٹ مارٹم کیا جاچکا ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ اس واقعہ میں بلڈر کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT