Saturday , December 16 2017
Home / Top Stories / نانک رام گوڑہ میں 7 منزلہ عمارت منہدم ‘ 10 اموات کا اندیشہ

نانک رام گوڑہ میں 7 منزلہ عمارت منہدم ‘ 10 اموات کا اندیشہ

ملبے میں مزدور اور بچے دبے ہونے کی اطلاع ۔ ڈپٹی چیف منسٹر ‘ وزیر داخلہ مئیر ‘ کمشنر بلدیہ کا دورہ

حیدرآباد۔ 8 ڈسمبر (سیاست نیوز) نانک رام گوڑہ علاقہ میں پیش آئے ایک دلخراش واقعہ میں زیرتعمیر سات منزلہ عمارت اچانک منہدم ہوگئی۔ اس حادثہ میں تقریباً 10 مزدوروں بشمول بچوں کی موت واقع ہونے کا خدشہ ہے۔ سائبرآباد رائے درگم کے نانک رام گوڑہ علاقہ میں آج رات 10 بجے سات منزلہ عمارت منہدم ہوگئی اور علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔سائبرآباد پولیس نے ملبے میں دبے ہوئے افراد کو باہر نکالنے این ڈی آر ایف اور محکمہ فائر کی ٹیموں کو فوری جائے حادثہ پر طلب کیا گیا۔ جے سی بی کے ذریعہ ملبہ کی فی الفور صفائی کی کارروائی کا بھی بڑے پیمانے پر آغاز کیا گیا۔ باور کیا جاتا ہے کہ ناقص تعمیراتی میٹیریل استعمال کرنے اور بلڈر کی مبینہ لاپرواہی کے سبب یہ حادثہ پیش آیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اس عمارت کا مالک ست نارائن سنگھ عرف ستو سنگھ ہے جس کے 200 مربع گز پلاٹ پر سات منزلہ عمارت کی تعمیر جاری تھی۔ گزشتہ سات ماہ سے تعمیری کام جاری تھا اور کام قریب الختم تھا جس کے سبب فلورنگ والے اور دیگر مزدوروں کی اسی عمارت میں رہائش کا انتظام کیا گیا تھا اور اس عمارت میں مزدوروں کے 14 خاندان عارضی طور پر رہائش پذیر تھے۔ان تمام کا تعلق چھتیس گڑھ سے بتایا جارہا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق آج رات زوردار آواز سنائی دی اور کچھ ہی دیر میں زیرتعمیر عمارت مکمل طور پر زمین دوز ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس عمارت میں ٹاؤن پلاننگ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دو سیلرس کی تعمیر کی گئی تھی۔ اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر بی جناردھن ریڈی، میئر حیدرآباد مسٹر بنتو رام موہن، ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی ، وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی، ریاستی وزیر کے پدما راؤ اور جی ایچ ایم سی کے اعلیٰ ٹاؤن پلاننگ عہدیدار جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر سندیپ شنڈیلیہ اور دیگر اعلیٰ پولیس عہدیداروں جائے حادثہ پر پہنچ کر زخمیوں کو کارپوریٹ دواخانوں میں منتقل کروایا۔ میئر حیدرآباد مسٹر بی رام موہن نے بتایا کہ عمارت کے انہدام کا واقعہ جی ایچ ایم سی کیلئے افسوسناک ہے۔ انہوں نے خاطی عہدیداروں کے علاوہ اُن لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا جو غیرمجاز تعمیر کے مرتکب ہیں۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے جو نئی دہلی کے دورہ پر ہیں ، اطلاع ملنے پر کمشنر جی ایچ ایم سی جناردھن ریڈی سے فون پر بات کی اور راحت کاری میں تیزی پیدا کرنے اور ملبہ میں دبے افراد کو محفوظ طریقے سے باہر نکالنے کی ہدایت دی۔ اس واقعہ کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی گئی ۔

TOPPOPULARRECENT