Saturday , December 16 2017
Home / شہر کی خبریں / ناگر جناساگر کا پانی ، تلنگانہ کے ساتھ انصاف رسانی پر زور

ناگر جناساگر کا پانی ، تلنگانہ کے ساتھ انصاف رسانی پر زور

قائد اپوزیشن تلنگانہ اسمبلی کے جانا ریڈی کی چیف منسٹر اے پی چندرا بابو سے نمائندگی
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز اسمبلی مسٹر کے جانا ریڈی نے ناگر جنا ساگر کا پانی استعمال کرنے کے معاملہ میں تلنگانہ کے ساتھ نا انصافی نہ ہونے جیسے اقدامات کرنے کی چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے پر زور اپیل کی ۔ اس سلسلہ میں مسٹر کے جانا ریڈی نے چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کر کے ناگر جنا ساگر پراجکٹ میں پانی کے ذخیرہ سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ اور بتایا کہ ناگر جنا ساگر پراجکٹس میں سطح آب میں روز بروز کمی ہوتی جارہی ہے ۔ یہاں تک کہ پانی کی مقدار میں بھی کافی کمی واقع ہوچکی ہے ۔ اس صورتحال میں دونوں تلگو ریاستوں آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں پائی جانے والی شدید پانی کی قلت اور زبردست خشک سالی حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے زرعی اغراض کے مقابلہ میں پینے کے پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے پر اولین ترجیح دی جانی چاہئے ۔ اور اس سلسلہ میں ریاست تلنگانہ کے لیے زیادہ سے زیادہ پانی پینے کے لیے فراہم کرنے کی شدید ضرورت ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر کے جانا ریڈی نے چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر ین چندرا بابو نائیڈو سے خواہش کی کہ وہ ریاست تلنگانہ میں پائی جانے والی پانی کی قلت کو دور کرنے کے لیے اور پانی کی قلت سے نمٹنے کے لیے موسم گرما کے پیش نظر زیادہ سے زیادہ پانی فراہم کرنے پر اپنی اولین ترجیح دیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ ناگرجنا ساگر کے آبی وسائل کی مناسب انداز میں تقسیم کے تعلق سے مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے بھی اپنے مثبت ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ آبی وسائل کی تقسیم کے معاملہ میں ہر ایک کے لیے قابل قبول فیصلہ کرتے ہوئے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا ۔۔

TOPPOPULARRECENT