Tuesday , January 23 2018
Home / سیاسیات / ناگپور میں کجریوال کا مالیہ کے حصول کیلئے عشائیہ

ناگپور میں کجریوال کا مالیہ کے حصول کیلئے عشائیہ

ناگپور 11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )عام آدمی پارٹی مالیہ حاصل کرنے کیلئے ایک عشائیہ کا اہتمام کررہی ہے جس کے میزبان پارٹی کے قومی صدر اروند کجریوال ہوں گے ۔ اس عشائیہ میں شرکت کی فیس فی کس 10 ہزار روپئے ہوگی اور یہ عشائیہ 13 مارچ کو ناگپور کے علاقہ صدر کے ایک لگژری ہوٹل میںمنعقد کیا جائے گا۔ پارٹی کو اس تقریب پر زبردست رد عمل حاصل ہورہا ہے اور عشائیہ میں شرکت کرنے کے خواہشمندوں کی تعداد 150 اور 200 کے درمیان ہوچکی ہے۔ عام آدمی پارٹی کے ذرائع ابلاغ رابطہ کار اور مالیہ کے حصول کے عشائیہ کے مہتمم گریش نندگاونکر اور ترجمان پراجکتا اتل نے کہا کہ رجسٹریشن جاری ہے اور ناگپور لوک سبھا حلقہ کی امیدوار انجلی دمانیہ بھی عشائیہ میں موجود ہوں گی۔بنیادی طور پر یہ عشائیہ عام آدمی پارٹی کے عطیہ دہندگان کے اعزاز میں منعقد کیا جارہا ہے تمام عطیہ دہندگان کے نام عام آدمی پارٹی کی ناگپور ویب سائٹ پر شائع کئے جائیں گے ۔ عام آدمی پارٹی نے کل رات جاری کردہ اپنے بیان میں کہا کہ کجریوال 13 مارچ کو علاقہ کے دو روزہ دورہ پر ناگپور پہنچ جائیں گے ۔ دہلی کے سابق چیف منسٹر چندرا پور اور بھنڈارا لوک سبھا حلقوں کا دورہ کریں گے اور اسی رات عطیہ دہندگان کے ساتھ عشائیہ میں شرکت کریں گے۔ 14 مارچ کو عام آدمی پارٹی کے قائد ناگپور میں ایک روڈ شو میں شرکت کریں گے ۔ پارٹی ذرائع کی اطلاع میں کجریوال کے پروگرام کی تفصیلات کا انکشاف کیا گیا ہے۔ اروند کجریوال سماجی کارکن انا ہزارے کو اپنا ’’گرو‘‘قرار دیتے ہیں۔ مہاراشٹرا انا ہزارے کا بھی آبائی وطن ہے وہ رالے گاوں سدھی دیہات کے متوطن ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ انا ہزارے عام آدمی پارٹی کے بجائے ترنمول کانگریس کی تائید کررہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT