Saturday , October 20 2018
Home / کھیل کی خبریں / ناگپور ٹسٹ کے پہلے دن 11 وکٹوں کا زوال

ناگپور ٹسٹ کے پہلے دن 11 وکٹوں کا زوال

ناگپور۔24 نومبر(سیاست ڈاٹ کام)ہندوستانی آف اسپنر روی چندرن اشون، بائیں ہاتھ کے اسپنر رویندر جڈیجہ اور فاسٹ بولر ایشانت شرما نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو دوسرے کرکٹ ٹسٹ کے پہلے دن آج یہاں 79.1 اوورس میں 205 رنز پر ڈھیر کردیا۔ مہمان ٹیم کو 80 اوورس میں ڈھیر کرنے کے بعد ہندوستانی اننگز کا آغاز بھی بہتر نہیں ہوا اور 8 اوورس کے کھیل میں ہندوستان نے 11 رنز تو اسکور کئے لیکن اسے لوکش راہول کا نقصان برداشت کرناپڑا۔گیمج کی گیند پر بولڈ ہونے سے قبل راہول نے 13 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 7 رنز اسکور کئے۔پہلے دن کے اختتام پر مرلی وجے 28 گیندوں پر 3 رنز اور انکے ساتھی چتیشور پجارا 7 گیندوں میں 2 رنز بناکر کھیل رہے ہیں۔قبل ازیںسری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ایشانت نے سری لنکا کے اوپنرز کو آوٹ کرتے ہوئے ابتدائی کامیابیاں دلوائیں۔ اشون اور جڈیجہ درمیانی اور آخری بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ کولکتہ کے ایڈن گارڈن کے مقابلے میں ناگپور کے ودربھ کرکٹ اسوسی ایشن کے میدان پر اسپنروں کو اچھی مدد ملی جس کا فائدہ دونوں ہندوستانی اسپنروں اشون اور جڈیجہ نے اٹھایا۔ ایشانت نے14 اوور میں37 رن دے کر تین وکٹ حاصل کئے جبکہ کولکتہ میں صرف آٹھ اوور ڈال کر خالی ہاتھ رہنے والے اشون نے اس مرتبہ 28.1 اوورس میں 67 رنز دے کر سب سے زیادہ چار وکٹ حاصل کئے۔ کولکتہ کے پورے میچ میں صرف دو اوور ڈالنے والے جڈیجہ نے بھی 21 اوورس میں 56 رنز دے کر تین وکٹ لئے ۔سری لنکا کی جانب سے اوپنر دمتھ کرونارتنے نے 147 گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے ۔کرونارتنے نے 2017 ء میں ہزار رنز مکمل کرلئے ۔اس سال یہ کامیابی حاصل کرنے والے وہ دوسرے بیٹسمین ہیں۔ کپتان دینش چنڈیمل نے 122 گیندوں میں چارچوکے اور ایک چھ کی مدد سے57 رن بنائے ۔ چنڈیمل نے22 واں رنز بنانے کے ساتھ ہی ٹسٹ میں 3000 رنز بھی پورے کر لیے ۔

TOPPOPULARRECENT