Friday , January 19 2018
Home / اضلاع کی خبریں / نبی رحمتﷺ کی سنتوں پر عمل پیرا ہونے کی تلقین

نبی رحمتﷺ کی سنتوں پر عمل پیرا ہونے کی تلقین

بھالکی میں جلسہ عام سے مولانا پی ایم مزمل والاجاہی رشادی کا خطاب

بھالکی میں جلسہ عام سے مولانا پی ایم مزمل والاجاہی رشادی کا خطاب
بیدر۔ یکم مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دل مخزن عمل ہے، جب دل خراب ہوتا ہے تو اعمال خراب ہوتے ہیں اور جب اعمال خراب ہوتے ہیں تو دنیا میں خون خرابہ اور فتنہ و فساد برپا ہوتا ہے اور زندگیوں کا چین و سکون ختم ہو جاتا ہے، لہذا دل کی صفائی بہت ضروری ہے۔ دل کی صفائی ذکر اللہ واہل اللہ کی صحبت سے ہوتی ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت سننے اور پڑھنے سے آپﷺ کی محبت بڑھتی ہے اور جب محبت بڑھتی ہے تو اطاعت آسان ہو جاتی ہے۔ نوجوانوں کو چاہئے کہ سنتوں کا اہتمام کریں۔ اس پرآشوب دور میں ایک سنت کی ادائیگی پر سو شہیدوں کا ثواب عطا کیا جائے گا۔ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو دودھ، شہد اور خوشبو بہت محبوب تھے، کثرت سے ان کا استعمال انسانی صحت کے لئے بہت مفید ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا پی ایم مزمل والاجاہی رشادی بنگلور نے بھالکی میں جمعیت علماء ہند کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں تعلقہ کے علماء و حفاظ کا ایک مشاورتی اجلاس مفتی غلام یزدانی اشاعتی صدر جمعیت علماء ہند ضلع بیدر کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جمعیت علماء ہند مسلمانوں کی ایک نمائندہ تنظیم ہے، بہت سے کام جو انفرادی طورپر نہیں ہوسکتے، وہ قومی سطح پر جمعیت کے پلیٹ فارم سے انجام دیئے جا رہے ہیں۔ مولانا محمد تصدق ندوی جنرل سکریٹری جمعیت علماء ہند ضلع بیدر نے ابتدائی تمہیدی کلمات میں جمعیت کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے کہا کہ جمعیت علماء ہند کا قیام انتہائی نازک حالات میں 1919ء میں عمل میں آیا۔ اس وقت سب سے اہم مسئلہ ملک کی آزادی کا تھا، لہذا ملک کی آزادی کے لئے علماء کی واحد جماعت جمعیت علماء ہند نے سرپر کفن باندھ کر اور خوشی خوشی پھانسی کے پھندے پہن کر ملک کو آزادی دلائی۔ ملک کی آزادی دیگر ابنائے وطن کے ساتھ جمعیت علماء ہند کی مرہون منت ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ سرزمین مالک کائنات کی بنائی ہوئی ہے، اس سرزمین پر پیدا ہونے والے ہر باشندے کو اس پر جینے کا حق ہے، ہمارا یہ حق ہم سے کوئی چھین نہیں سکتا۔ انھوں نے کہا کہ اس ملک کی بنیاد جمہوریت پر رکھی گئی ہے، اس ملک کے ہر باشندے کو مذہبی آزادی کے ساتھ یہاں پر جینے کا حق ہے۔ اس موقع پر تعلقہ سطح پر جمعیت علماء ہند کا قیام عمل میں آیا۔ صدر کی حیثیت سے حافظ محمد حنیف امام و خطیب مسجد نور بھالکی کا انتخاب عمل میں آیا، جب کہ نائب صدور کی حیثیت سے حافظ شعیب اور حافظ اکرم، جنرل سکریٹری مولانا سید لائق علی اشاعتی، جوائنٹ سکریٹری مولانا اسحاق رشیدی، خازن محمد فصیح الدین سوداگر کے علاوہ عبد العلیم گادے والے، محمد فیض النبی ٹیچر، محمد معین الدین صدر مسجد نور، سید اللہ بخش بھاتمیر، محمد محبوب گتہ دار، محمد اشفاق، محمد شفیع سوداگر، نذیر اور ڈاکٹر احمد کا اراکین کی حیثیت سے انتخاب عمل میں آیا۔ اجلاس میں عوام الناس کے علاوہ تعلقہ بھالکی کے علماء، حفاظ اور ائمہ مساجد کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر ضلعی جمیعت کے ذمہ داران حافظ عمر قریشی، حافظ معز الدین اشاعتی اور حافظ غلام ربانی اشاعتی بھی موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT