Thursday , November 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / نتن تومرکو 93لاکھ‘پروکبڈی میں نئی تاریخ رقم

نتن تومرکو 93لاکھ‘پروکبڈی میں نئی تاریخ رقم

نئی دہلی۔23 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) پرو کبڈی کے پانچویں سیزن کی نیلامی نے ملک کے روایتی کہے جانے والے اس کھیل میں نئی تاریخ رقم کی اور ریڈر نتن تومر کو ملی93 لاکھ روپے کی ناقابل یقین رقم نے ہندوستانی کھیلوں کی شکل ہی بدل ڈالی۔22 سالہ نتن تومر اس کے ساتھ ہی پرو کبڈی لیگ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے ۔ انہوں نے روہت کمار 81 لاکھ منجیت چھللر 75.50 لاکھ اور سیلامنی کے 73 لاکھ اور سرجیت سنگھ 73 لاکھ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ تومر گزشتہ سال احمد آباد میں ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے رکن تھے انہیں نیلامی کے دوسرے ہاف میں نئی ٹیم اترپردیش نے93 لاکھ روپے کی قیمت دے کر سب کو چونکا دیا۔ سمجھاجا رہا تھا کہ آل راؤنڈر منجیت چھللر سب سے مہنگے کھلاڑی بنیں گے لیکن نیلامی کے بعد کے مرحلے میں سارے ریکارڈس بدل گئے۔ اتر پردیش اور تلگو ٹائٹنس کے درمیان نتن کو خریدنے کو لے کر زبردست مقابلہ رہا جس میں اترپردیش نے بازی مار لی۔ ریڈر روہت کمار کو بنگلور بلس نے81 لاکھ روپے میں خریدا۔ منجیت کو فلم اسٹار ابھیشیک بچن کی ٹیم جے پور پنک پینتھرز نے 75.50 لاکھ روپے میں اور سرجیت کو بنگال وارئرس نے 73 لاکھ روپے میں خریدا۔دونوں کے درمیان صرف 2.5 لاکھ روپے کا ہی فرق رہا۔سیلوام کو جے پور نے 73 لاکھ میں خریدا۔جے پور نے اس طرح دو کھلاڑیوں کو خریدنے میں ایک کروڑ 48 لاکھ روپے خرچ کئے ۔ راجیش نروال کو69 لاکھ، سندیپ نروال کو66 لاکھ روپے ، امت ہڈا کے63 لاکھ، جیوا کمار کو 52 لاکھ، کلدیپ سنگھ کو 51.50 لاکھ، جسویر سنگھ کو 51 لاکھ، رویندر پہل کو 50 لاکھ، اجے کو48.50 لاکھ، کاشلگ اداکے کو48 لاکھ، رن سنگھ کو 47.50 لاکھ، موہت چھللر کو 46.50 لاکھ اور 42 سال کے دھرم راج چیرالاتھن کو 46 لاکھ روپے کی بھاری بھرکم قیمت ملی۔

پرو کبڈی لیگ کے پہلے سیزن میں سب سے مہنگے کھلاڑی کی قیمت صرف 12 لاکھ روپے تھی لیکن پانچویں ایڈیشن تک پہنچتے پہنچتے اس لیگ کی مقبولیت میں اتنا اضافہ ہو گیا کہ ایک کھلاڑی کو تقریباً ایک کروڑ روپے کی قیمت مل گئی۔ پچھلے سال نیلامی میں سب سے زیادہ قیمت موہت چھللر کو ملی تھی جنہیں بنگلور بیل نے 53 لاکھ روپے میں خریدا تھا۔پروکبڈی لیگ کے جولائی میں شروع ہونے والے پانچویں ایڈیشن کے لئے کھلاڑیوں کی نیلامی میں ہندوستانیوں پر فرنچائزیز نے جم کر پیسہ خرچ کیا ہے۔پانچویں سیزن کے لئے اس مرتبہ ٹیموں کو آٹھ سے بڑھا کر12 کر دیا گیا ہے اور چار نئی ٹیموں میں تمل ناڈو، گجرات، اتر پردیش اور ہریانہ کو لیگ میں شامل کیا گیا ہے ۔کھلاڑیوں کی نیلامی میں ہر ٹیم کے لئے چار کروڑ روپے کا سیلری پرس رکھا گیا تھا۔کبڈی لیگ میں کھلاڑیوں کی نیلامی میں کشتی، بیڈمنٹن اور ہاکی لیگ سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔کبڈی لیگ کے آگے اب صرف کرکٹ کی آئی پی ایل ہی نظر آرہی ہے جس میں کھلاڑیوں پر سب سے زیادہ دولت بارش ہوئی ہے ۔روہت81 لاکھ میں بنگلور کے حصے میں گئے ۔آل راؤنڈر منجیت چھللر کو فلم اسٹار ابھیشیک بچن کی ٹیم جے پور پنک پینتھرز نے 75.50 لاکھ روپے کی قیمت پر خریدا۔ نیلامی میں ابھیشیک بچن خود بھی موجود تھے۔ منجیت کی اس کی قیمت کے بعد ان کے نزدیک پہنچے سرجیت، جنہیں بنگال نے 73 لاکھ روپے میں خریدا۔جے پور نے سے لوام کو 73 لاکھ اور جسویر سنگھ کو 51 لاکھ میں خرید لیا۔جے پور نے تین کھلاڑیوں کو خریدنے پر ایک کروڑ 99 لاکھ روپے خرچ کئے۔

سنگاکارا فرسٹ کلاس سے بھی سبکدوش
لندن۔23 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگا کارا حالیہ سیزن کے اختتام پر فرسٹ کلاس کرکٹ سے سبکدوش ہو جائیں گے۔ سنگا کارا نے کہا کہ وہ سرے کی جانب سے کاؤنٹی کرکٹ میں آخری مرتبہ چار روزہ میچ کھیلیں گے کیونکہ وہ آئندہ چند ماہ میں 40 سال کی عمر کو پہنچ رہے ہیں اور چونکہ ہر کھلاڑی کو ایک دن جانا ہوتا ہے لہٰذا کاؤنٹی کرکٹ میں ان کا مزید کھیلنا ممکن نہیں ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT