Tuesday , December 12 2017
Home / دنیا / نتن یاہو کا عنقریب دورۂ ہندوستان

نتن یاہو کا عنقریب دورۂ ہندوستان

واشنگٹن 11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم اسرائیل بنجامن نتن یاہو نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہاکہ وہ عنقریب ہندوستان کا دورہ کرنے والے ہیں اور اس طرح ہندوستان کا دورہ کرنے والے وہ دوسرے اسرائیلی وزیراعظم بن جائیں گے۔ 2003 ء میں اُس وقت کے وزیراعظم اسرائیل ایریل شیرون نے ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے اسرائیل کا دورہ کیا تھا اور انھوں نے نتن یاہو کو ہندوستان کے دورہ کی دعوت دی تھی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ سنٹر فار امریکن پروگریس میں ایک دوبدو پروگرام کے دوران جہاں اُنھوں نے اسرائیل کی ترقی کے لئے اپنے منصوبوں کے بارے میں انکشاف کیا تھا، ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اپنے مجوزہ دورہ ہند کی بات کہی۔ انھوں نے کہاکہ دیگر ممالک اسرائیل سے صرف تین چیزوں کے خواہشمند ہیں۔ اول اسرائیلی ٹیکنالوجی، دوم اسرائیلی ٹیکنالوجی اور تیسری بھی اسرائیلی ٹیکنالوجی ہی ہے۔ چاہے وہ ہندوستان ہو جہاں وہ عنقریب دورہ پر پہنچنے والے ہیں یا پھر کوئی دیگر ملک ہو۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انھوں نے کہاکہ وہ اسرائیل کو ٹیکنالوجی کا پاور ہاؤس بنانا چاہتے ہیں۔ اسرائیل کے پاس مستقبل کو اپنی مرضی کے مطابق وضع کرنے کی اہلیت و قابلیت ہے۔ آج دنیا کا کوئی بھی ملک ایسا نہیں ہے جو اسرائیلی ٹیکنالوجی کا دلدادہ نہ ہو۔ ایشیاء، افریقہ، لاطینی امریکہ وغیرہ سے سفارت کار اور سربراہان مملکت یہاں آتے ہیں تاکہ وہ اسرائیل سے تین اہم چیزوں کو سیکھ سکیں جن کا میں نے (مسکراتے ہوئے) اوپر تذکرہ کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT