Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / نتیش کمار اور لالو پرساد سے ہنمنت راؤ کی ملاقات

نتیش کمار اور لالو پرساد سے ہنمنت راؤ کی ملاقات

بہار اسمبلی انتخابات میں عظیم اتحاد کی کامیابی پر دلی مبارکباد
حیدرآباد ۔ 10 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : سکریٹری اے آئی سی سی و رکن راجیہ سبھا مسٹر وی ہنمنت راؤ نے پٹنہ پہونچ کر چیف منسٹر بہار نتیش کمار اور صدر آر جے ڈی لالو پرساد یادو سے ملاقات کرتے ہوئے عظیم اتحاد کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے فرقہ پرست نریندر مودی اور اسد الدین اویسی کو شکست دینے پر بہار کے عوام سے اظہار تشکر کیا ۔ مسٹر وی ہنمنت راؤ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مرکز پر بی جے پی کے زیر قیادت این ڈی اے حکومت تشکیل پانے کے بعد ملک میں عدم روا داری بڑھ گئی ۔ مذہبی اور جذباتی معاملت کو متنازعہ بناتے ہوئے سیکولرازم کو خطرے میں ڈالے جارہا تھا ۔ ادیبوں ، فنکاروں ، دانشوروں نے اپنے اپنے ایوارڈس واپس لوٹاتے ہوئے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔ صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی کی قیادت میں ایک وفد نے پارلیمنٹ سے راشٹر پتی بھون تک مارچ کرتے ہوئے عدم روا داری کے خلاف صدر جمہوریہ ہند کو ایک یادداشت پیش کی ہے ۔ بی جے پی کو راست و بلراست فائدہ پہونچانے کے لیے کئی طاقتوں نے کام کیا ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی اور صدر مجلس اسد الدین اویسی نے اپنی اپنی تقاریر سے رائے دہندوں پر اثر انداز ہونے کی کافی کوشش کی ہے ۔ مگر بہار کے عوام بالخصوص سیمانچل کے آواز نے انہیں کرارا جواب دیا ہے ۔ پرانے شہر کو ترقی دینے میں ناکام ہونے والی مجلس سیمانچل کی پسماندگی پر مگرمچھ کے آنسو بہانے کی کوشش کی ہے ۔ مگر عوام نے ان پر کوئی بھروسہ نہیں کیا ۔ مجلس اپنا کھاتہ کھولنے میں بھی کامیاب نہیں ہوئی ہے ۔ ساتھ ہی بہار کے عوام نے بی جے پی کو شکست دیتے ہوئے سیکولرازم کے پرچم کو بلند کرنے میں نمایاں رول ادا کیا ہے ۔ مسٹر وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ عظیم اتحاد کی تشکیل میں کانگریس کے نوجوان قائد راہول گاندھی نے اہم رول ادا کیا ۔ بہار میں 40 اسمبلی حلقوں پر مقابلہ کرتے ہوئے کانگریس نے 27 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کی ہے ۔ یہ نتائج کانگریس پارٹی کے لیے حوصلہ افزاء ردعمل ہے اور یہ اشارہ مل گیا ہے کہ مودی کا جادو ختم ہوگیا ہے اور ایک سال میں بی جے پی عوامی تائید سے محروم ہوگئی ہے دہلی کے بعد بہار کے عوام نے بی جے پی کو مسترد کردیا ہے ۔۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT