Tuesday , December 12 2017
Home / سیاسیات / نتیش کمار کو دہلی میں احتجاج کا سامنا

نتیش کمار کو دہلی میں احتجاج کا سامنا

بہار میں لا اینڈ آرڈر کی ابتر صورتحال پر چیف منسٹر کے خلاف نعرے
نئی دہلی ۔8 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر بہار نتیش کمار کو آج دہلی میں بہار فاونڈیشن کے افتتاح کے موقع پر چند نوجوانوں نے ڈھکیل دیا ۔ تاہم نتیش کمار اس سے متاثر نہیں ہوئے اور انہوں نے اسے سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا ۔ تقریب میں نتیش کمار جیسے ہی تقریر کیلئے اٹھے تقریبا ایک درجن نوجوانوں نے بہار میں لا اینڈ آرڈر کی ابتر صورتحال کے خلاف نعرے لگائے اور پلے کارڈز دکھائے ۔ نتیش کمار نے اس پر کہا کہ یہ نوجوان طئے شدہ منصوبہ کے تحت آئے ہیں اور انہوں نے سوال کیا کہ کیا سیاست کرنے کیلئے یہ مناسب موقع ہے ۔ یہ واقعہ شری رام سنٹر آڈیٹوریم میں پیش آیا جہاں بہار فنڈیشن کے دہلی چیپٹر کی جانب سے پرواسی بہاری سمان پرسکار 2014 کا اہتمام کیا جارہا تھا ۔ اس تقریب میں دہلی میں مقیم بہاری عوام کو ایوارڈ دینے کیلئے منعقد ہوا تھا جنہوں نے اپنے اپنے شعبہ جات میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ ان نوجوانوں نے نتیش کمار کے خلاف نعرے لگائے اور انہیں واپس جانے کے پلے کارڈز بھی دکھائے ۔ تاہم تقریب کے منتظمین نے فوری مداخلت کرتے ہوئے معمولی دھینگا مشتی کے بعد انہیں وہاں سے باہر کردیا اور پھر پولیس پہونچ گئی جس نے نوجوانوں کو وہاں سے باہر نکالا ۔ نتیش کمار نے کہا کہ اس واقعہ کے سیاسی مقاصد ہیں ۔ یہ نوجوان طئے شدہ منصوبہ کے تحت یہاں آئے تھے اور ان کا مقصد سستی شہرت حاصل کرنے کا تھا ۔ انہوں نے آج منعقدہ تقریب کے سیاسی مقاصد کی تردید کی ۔

TOPPOPULARRECENT