Saturday , June 23 2018
Home / کھیل کی خبریں / نثار احمد ۔ ہندوستان کا اوسین بولٹ

نثار احمد ۔ ہندوستان کا اوسین بولٹ

غریب والدین 100 اور 200 میٹر کی دوڑ میں قومی ریکارڈ توڑنے پر نازاں
نوجوان اتھلیٹ کی مالی مدد کرنے جناب زاہد علی خاں کی اپیل
نئی دہلی۔12 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) زندگی میں اگر عزائم بلند ہوں اور انسان میں کچھ کرنے کا جدبہ ہو تو دنیا کی کوئی رکاوٹ اسے کامیابی سے نہیں روک سکتی۔ غربت بھی اسے کامیابی کی راہ سے ہٹا نہیں سکتی۔ ایسا ہی کچھ نئی دہلی کے 15 سالہ نثار احمد کے ساتھ ہوا جس نے غربت کے باوجود حوصلہ نہیں ہارا اور 100 میٹر و 200 میٹر کی دوڑ میں دو قومی ریکارڈس توڑدیئے۔ آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ نثار احمد کے والد محمد حق رکشہ چلاتے ہیں اور ماں شفیق النساء زندگی کی گاڑی آگے بڑھانے کے لیے لوگوں کے گھروں میں برتن دھوتی ہیں۔ چیف منسٹر دہلی مسٹر اروند کجریوال نثار احمد کے شوق اور اس کے جذبہ سے کافی متاثر ہوئے۔ نثار ، اس کی بڑی بہن اور والدین، دہلی کے بڑا باغ سلم کے آزاد پور میں ریلوے پٹریوں کے قریب 10×10 فٹ کے ایک چھوٹے سے کمرے میں رہتے ہیں۔ نثار احمد نے 100 میٹر کی دوڑ 10.85 سیکنڈس اور 200 میٹر کی دوڑ 21.73 سیکنڈس میں مکمل کی۔ اس نے انڈر۔16 سو میٹر کا وہ ریکارڈ توڑ دیا جو سال 2013ء میں ایم ایس ارون نے قائم کیا تھا۔ یہ ریکارڈ نثار نے 0.01 سیکنڈس کے فرق سے توڑا ہے۔ 200 میٹر کی دوڑ میں بھی اس لڑکے نے 2013ء میں ہی چندنا بادری کے قائم کردہ ریکارڈ کو 0.3 سیکنڈس کے فرق سے توڑ دیا۔ ہندوستان کے اس ابھرتے اسپرنٹر کے والد محمد حق کا کہنا ہے کہ یہ وہ مقام ہے جہاں ہم رہتے ہیں اور اسی مقام سے یہ خواب دیکھ رہے ہیں کہ ہمارا بیٹا اتھلیٹکس میں غیر معمولی کارنامہ انجام دے۔ وہ مزید بتاتے ہیں کہ انہوںنے اپنے فرزند کے اتھلیٹکس کیریئر کو روشن بنانے کے لیے دیڑھ سال سے زائد عرصہ قبل 28000 روپئے کا قرض لیا تھا جو اس کے جوتوں، اسپورٹس گیر (کھیل کود کے لیے درکار ضروری سامان) اور غذائی کے لیے تھی۔ محمد حق اپنے بیٹے کی کامیابی پر بہت خوش ہے۔ ماں اور باپ کو اپنے بیٹے کی سخت محنت پر بہت خوشی ہوئی ہے۔ بہرحال روزنامہ سیاست اپنے قارئین سے اپیل کرتا ہے کہ وہ اس ابھرتے ہوئے اتھلیٹ کی مالی مدد کرے تاکہ مستقبل میں وہ ہندوستان کا نام روشن کرسکے۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان نے ہمدردان ملت اور دنیا کے چپہ چپہ میں موجود قارئین سیاست سے اس نوجوان کی بھرپور مالی مدد کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ مستقبل میں نثار احمد اولمپکس تک پہنچ کر نئی تاریخ رقم کرسکے۔ ان کی بینک تفصیلات اس طرح ہیں:
Nisar Ahmed, SBI, A/C No: 32792775069,
Branch: Sringar Colony, Delhi,
IFSC Code SBIN0007783, Mobile No: 8860843397

TOPPOPULARRECENT