Tuesday , November 21 2017
Home / سیاسیات / ’’نریندر مودی، ڈونالڈ ٹرمپ کے جڑواں بھائی جیسے ہیں‘‘

’’نریندر مودی، ڈونالڈ ٹرمپ کے جڑواں بھائی جیسے ہیں‘‘

یوپی میں بی جے پی کی شکست کے بعد مودی کی چمک ماند پڑجائے گی : لالو پرساد
رائے بریلی ۔ 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو نے آج کہا کہ اترپردیش اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی شکست کے بعد وزیراعظم نریندر مودی اپنی چمک، دمک اور رعب دبدبہ سے محروم ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’’مودی دعویٰ کررہے ہیں کہ وہ اترپردیش کے لے پالک (متبنیٰ) بیٹے ہیں لیکن ان اسمبلی انتخابات میں اپنی پارٹی کی شکست کے بعد روایتی چمک دمک سے محروم ہوجائیں گے۔ لالو پرساد یادو یہاں حلقہ ہرچند پور میں ایس پی۔ کانگریس اتحاد کے امیدوار راکیش سنگھ کی انتخابی مہم چلارہے تھے۔ لالونے کہاکہ مودی دراصل امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے جڑواں بھائی جیسے نظر آتے ہیں اور کوئی نہیں جانتا کہ وہ کب کیا کریں گے۔ بی جے پی کے قومی صدر کو نشانہ بناتے ہوئے لالو نے کہا کہ امیت شاہ جب پٹنہ میں  ایک لفٹ میں پھنس گئے تھے تو انہوں نے بہار کے عوام پر اپنے خلاف سازش کا الزام لگایا تھا۔ انہوں نے کہاکہ مودی حکومت کو ہٹانے کیلئے ایس پی ۔ کانگریس اتحاد کی یو پی انتخابات میں کامیابی ضروری ہے۔ لالو نے کہا کہ ایس پی کے سربراہ اکھیلیش یادو اور کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی اترپردیش کو اتم پردیش (سرفہرست ؍ ممتاز ریاست) میں تبدیل کرنے کا عہد کرچکے ہیں۔ بہار کے سابق چیف منسٹر نے کہا کہ ’’ان انتخابات میں اگر بی جے پی کو شکست ہوجاتی ہے تو یہ مودی حکومت کا خاتمہ ہوگی‘‘۔ لالو پرساد نے الزام لگایا کہ سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کو غنودگی میں رکھتے ہوئے انہیں سیاست سے دور کردیا گیا۔ انہوں نے اس ضمن میں تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ لالو پرساد نے کہا کہ ’’گودھرا فسادات پر واجپائی جی نے مودی کی خوب ڈانٹ ڈپٹ کی تھی تاہم ایل کے اڈوانی نے انہیں (مودی کو) بچا لیا تھا لیکن مودی نے اڈوانی کو بھی کون یسے لگادیا‘‘۔

TOPPOPULARRECENT