Thursday , September 20 2018
Home / شہر کی خبریں / نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں کے چندر شیکھر راؤ کی شرکت

نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں کے چندر شیکھر راؤ کی شرکت

ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ کل صدر ٹی آر ایس کی دہلی روانگی ، تلنگانہ کی ترقی پر فنڈس کے لیے حکمت عملی

ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ کل صدر ٹی آر ایس کی دہلی روانگی ، تلنگانہ کی ترقی پر فنڈس کے لیے حکمت عملی

حیدرآباد۔/23مئی، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ 26مئی کو نریندر مودی کی حلف برداری تقریب میں شرکت کریں گے۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ حلف برداری تقریب میں شرکت کیلئے بی جے پی اور نریندر مودی کی جانب سے دعوت نامہ وصول ہوا ہے۔ کے سی آر نے موجودہ سیاسی صورتحال اور تلنگانہ کی ترقی کیلئے مرکزی فنڈز کے حصول کے مقصد سے مرکز سے خوشگوار تعلقات کی برقراری کو یقینی بنانے تقریب حلف برداری میں شرکت کا فیصلہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پارٹی ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ چندر شیکھر راؤ 25 مئی کو نئی دہلی روانہ ہوں گے ۔ وہ نئی دہلی میں تغلق روڈ پر واقع اپنی قیامگاہ پر ارکان پارلیمنٹ اور سینئر قائدین کیلئے ڈِنر کا اہتمام کریں گے۔ دوسرے دن راشٹر پتی بھون میں ارکان پارلیمنٹ کے ہمراہ تقریب حلف برداری میں شرکت اور مودی سے ملاقات کے بعد 27مئی کو وہ حیدرآباد واپس ہوں گے۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ نئی ریاست تلنگانہ کی ترقی کیلئے مرکزی فنڈس کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے کے سی آر نے نریندر مودی سے تعلقات استوار رکھنے کی حکمت عملی تیار کی ہے۔ توقع ہے کہ وہ نریندر مودی کو تلنگانہ ریاست کو درپیش مسائل اور پراجکٹس کے بارے میں ایک تفصیلی نوٹ حوالے کریں گے۔ چندر شیکھر راؤ نے اگرچہ ابھی تک نریندر مودی حکومت کی تائید کا اعلان نہیں کیا ہے لیکن وہ ریاست کی ترقی کیلئے مرکز سے بہتر تال میل کے خواہاں ہیں۔ واضح رہے کہ تلگودیشم پارٹی نے این ڈی اے میں شمولیت اختیار کرلی اور صدر تلگودیشم چندرا بابو نائیڈو کی نریندر مودی سے قربت کو دیکھتے ہوئے ٹی آر ایس قیادت کئی اندیشوں کا شکار ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چندرا بابو نائیڈو حیدرآباد کے موقف کے بارے میں نریندر مودی کو یو پی اے حکومت کے فیصلوں میں تبدیلی کا مشورہ دے رہے ہیں۔ چندرا بابو نائیڈو کی جانب سے مرکزی فنڈس کے حصول میں رکاوٹوں کے اندیشوں کو دیکھتے ہوئے کے سی آر نے ابھی سے مرکز سے بہتر تعلقات استوار کرنے کا من بنالیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT