Thursday , September 20 2018
Home / کھیل کی خبریں / نشانہ کے تعاقب میں کوہلی سے زیادہ ماہر کوئی نہیں:اختر

نشانہ کے تعاقب میں کوہلی سے زیادہ ماہر کوئی نہیں:اختر

اسلام آباد ۔7 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا ہے کہ ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی ایک شاندار کرکٹر ہیں اور انہیں بیٹنگ کرتے دیکھنا بڑا پر لطف ہوتا ہے۔ جنوبی افریقہ کیخلاف ونڈے سیریز کا حوالہ دیتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کوہلی بالکل چیتے کی طرح اپنے ہدف کا مستعدی کے ساتھ تعاقب کرتے ہیں اور انہیں ایسے میں ناکام بنانا کبھی آسان نہیں ہوتا۔شعیب اختر کے بموجب بات جب ہدف کے تعاقب کی آتی ہے تو یوں لگتا ہے کہ ان سے زیادہ ماہر کھلاڑی کوئی اور نہیں ہے۔انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں سے کہا کہ وہ بھی کوہلی کے نقش قدم پر چلنے کی کوشش کریں اور اسی لگن کا ثبوت دیں جس کے بل پر کوہلی ٹیم کیلئے کامیابیاں سمیٹ رہے ہیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ ہندستان کے اسٹار کپتان ویراٹ کوہلی بھلے ہی بہترین فارم میں ہوں لیکن پاکستان کی سرزمین پر ان کے لئے رنز بنانا مشکل ہوگا۔کوہلی دنیا کے بہترین بیٹسمینوں میں شمار کئے جاتے ہیں اور گزشتہ سیزن میں بھی انہوں نے سبھی فارمیٹس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا ۔ حالانکہ آرتھر کا خیال ہے کہ ہندستانی کپتان کے لئے پاکستانی سرزمین پر رنز بنانا چیلنج سے بھرا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کوہلی بہترین کھلاڑی ہیں لیکن ہماری ٹیم پاکستان میں ان کے لئے رنز بنانا مشکل بناسکتی ہے ۔ آرتھر نے کہا کوہلی کو سبھی ٹیموں کے خلاف ہر فارمیٹ میں رنز بناتے ہوئے دیکھنا کافی دلچسپ ہے لیکن ہمارے بولرس ان کے لئے مشکلات کھڑی کرسکتے ہیں۔ کوہلی نے حال ہی میں جنوبی افریقہ کے خلاف ونڈے سیریز میں اپنی33 ویں سنچری بنائی لیکن ہندستانی کپتان کوہلی نے پاکستان میں کبھی کرکٹ نہیں کھیلا ہے ۔کوہلی کو حال ہی میں آئی سی سی کی جانب سے سال کا سرفہرست کرکٹر منتخب کیا گیا ہے اور وہ سر گارفیلڈ سوبرس ٹرافی جیتنے والے چوتھے ہندستانی کرکٹر ہیں ۔ ان سے قبل اس اعزاز سے سچن ٹندولکر، راہول ڈراویڈ اور روی چندرن اشون بھی نوازے جا چکے ہیںنیز کوہلی کو 2017 کا بہترین ونڈے بیٹسمین بھی منتخب کیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT