Saturday , April 21 2018
Home / شہر کی خبریں / نظامیہ طبی کالج چارمینار کی مخلوعہ جائیدادوں پر عنقریب تقررات: لکشما ریڈی

نظامیہ طبی کالج چارمینار کی مخلوعہ جائیدادوں پر عنقریب تقررات: لکشما ریڈی

یونانی ڈسپنسریز میں ادویات کی کوئی قلت نہیں، پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ تقررات
حیدرآباد۔19 مارچ (سیاست نیوز) وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی نے کہا کہ نظامیہ طبی کالج چارمینار اور ریاست کے دیگر یونانی ڈسپنسریز میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران نظامیہ طبی کالج اور دیگر ڈسپنسریز میں مخلوعہ جائیدادوں کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ محکمہ صحت میں کئی جائیدادیں مخلوعہ ہیں یونانی کے علاوہ آیوش میں بھی جائیدادوں پر تقررات باقی ہیں۔ لکشما ریڈی نے کہا کہ وہ 3 مرتبہ یونانی طبی کالج چارمینار کا دورہ کرتے ہوئے مسائل کا جائزہ لے چکے ہیں۔ لیبر روم کو عصری سہولتوں سے آراستہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونانی اور آیوش کے تمام مخلوعہ جائیداوں پر جلد تقررات کیے جائیں گے۔ انہوں نے گولکنڈہ اور نامپلی ہاسپٹلس میں بھی یونانی کے سنٹرس قائم کرنے کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہاکہ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ محکمہ صحت میں تقررات کا عمل شروع ہوچکا ہے اور جلد ہی اسے مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اگرچہ یونانی میں جائیدادیں مخلوعہ ہیں لیکن ڈسپنسریز میں ادویات کی کوئی قلت نہیں ہے۔ حکومت نے یکم مئی 2017ء کو جی او ایم ایس 66 کے ذریعہ سرکاری یونانی ڈسپنسریز میں میڈیکل آفیسرس کی 54 مخلوعہ جائیدادیں اور نظامیہ طبی کالج میں لیکچررس کی 8 جائیدوں پر تقررات کی اجازت دی ہے۔ جلد ہی ان جائیدادوں پر تقررات مکمل کرلیے جائیں گے۔ یونانی ڈسپنسریز میں ایڈمنسٹریٹیو اسٹاف، نرسنگ، پیرا میڈیکل، کمپائونڈرس، ایم این اوز اور پی ٹی اوز کے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات پر غور کیا جارہا ہے۔ این آر ایچ ایم سرکاری یونانی ڈسپنسریز میں جائیدادوں میں تقررات کی ذمہ داری ضلع کلکٹر کی صدارت میں موجود ضلع ہیلتھ سوسائٹی کو دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظامیہ طبی کالج چارمینار میں لیکچررس کی 49 ٹیکنیکل اسٹاف کی دو، ایڈمنسٹریٹیو اسٹاف 4، پیرا میڈیکل 17، اور کلاس IV کی 3 جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ یونانی ڈسپنسریز میں ڈاکٹرس کی 69، کمپائونڈرس 61، ایم این اوز 29 اور پی ٹی اوز کی 19 جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ این آر ایچ ایم گورنمنٹ یونانی ڈسپنسریز میں ڈاکٹرس کی 21، کمپاونڈرس 30 اور جاروب کش کی 6 جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ ارکان اسمبلی نے شکایت کی کہ کئی برسوں سے یونانی کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔ جملہ 310جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ پرانے شہر کے ارکان نے یونانی طبی کالج چارمینار کی ترقی اور احاطہ میں موجود آیورویدک کلینک کی منتقلی کا مطالبہ کیا۔

TOPPOPULARRECENT