Thursday , November 23 2017
Home / اضلاع کی خبریں / نظام آبادمیں بارش سے عوام میں مسرت کی لہر پانی کی عدم نکاسی ، نشیبی علاقے زیر آب ، عہدیداروں کی لاپرواہی بے نقاب

نظام آبادمیں بارش سے عوام میں مسرت کی لہر پانی کی عدم نکاسی ، نشیبی علاقے زیر آب ، عہدیداروں کی لاپرواہی بے نقاب

نظام آباد:12؍اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع نظام آبادمیں کل رات سے زبردست بارش کی وجہ سے مسرت کی لہر دوڑ گئی۔ کل شام 6 بجے سے ضلع نظام آباد میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا۔ میونسپل کارپوریشن نظام آباد کے حدود میں واقع ڈیویژنوں میں ڈرینس کی عدم نکاسی کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں واقع مکانات میں پانی داخل ہوگیا ہے جس کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ بودھن روڈ ، آٹو نگر، حبیب نگر، امان نگر، شانتی نگر، اسد بابا نگر، ٹیلیفون کالونی،مالاپلی، احمد پورہ کالونی و دیگرکے علاقوں میںپانی داخل ہونے کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مئیر نظام آباد آکولہ سجاتا کے ڈیویژن 15 کے علاوہ ونائیک نگر، حیدرآباد روڈ، چندر شیکھرکالونی اور دیگر علاقوں میں بھی پانی داخل ہونے کی اطلاع ہے۔ ایم ایچ او ڈاکٹر محمد سراج الدین نے مئیر کے ہمراہ نشیبی علاقہ کا جائزہ لیا۔ بارش سے قبل میونسپل کارپوریشن کے عہدیدار پانی کی نکاسی کیلئے کسی قسم کے اقدامات نہ کرنے کی وجہ سے کل رات سے ہوئی بارش کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں کی جانب سے پانی کی نکاسی کیلئے قبل از منصوبہ بندی نہ کرنے کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ جبکہ کل ہوئے میونسپل کارپوریشن کے اجلاس میں ایک معاون رکن کی جانب سے اس جانب توجہ مبذول کرانے کی کوشش کی گئی لیکن کارپوریٹرس اور عہدیدار اس مسئلہ پر توجہ دینا مناسب نہیں سمجھا۔ شہر میں بڑھتی ہوئی آبادی میں اضافہ کے سبب نظام آباد کے اطراف و اکناف نئی کالونیاں قائم ہوئی ہے۔

لیکن یہاں پر پانی کی نکاسی کے کوئی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ حکومت کی جانب سے زیر زمین تعمیر کئے جانے والے ڈرین کے کام بھی ادھورے ہونے کی وجہ  سے اور ناقص تعمیرات کی وجہ سے عوام کو مشکلات پیش آرہی ہے۔ ضلع نظام آباد میں گذشتہ 20 گھنٹے کے دوران 38.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ شہر نظام آباد میں 22.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور سب سے زیادہ بارش ضلع کے کوٹگیر میں 90.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ ضلع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے ساتھ ہی کسانوں میں مسرت پائی جارہی ہے اور زرعی کام میں تیزی پیدا ہوگئی ہے۔ شہر نظام آباد میں بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے جنگی خطوط پر اقدامات کرنے کی شہریان کی جانب سے خواہش کی جارہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT