Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / نظام آباد اور عادل آباد سوائن فلو معائنہ مراکز

نظام آباد اور عادل آباد سوائن فلو معائنہ مراکز

انسداد سوائن فلو کی تجویز ، ضلعی سطح پر وبائی امراض پر حکومت کا اقدام
حیدرآباد۔25اگسٹ (سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے ریاست تلنگانہ کے دو اضلاع نظام آباد اور عادل آباد میں سوائن فلو کے معائنہ کے مراکز کے قیام کا فیصلہ کیا ہے تاکہ سوائن فلو سے ہونے والی اموات کو روکا جا سکے ۔ ملک بھر میں سرکاری طور پر فراہم کی جانے والی اطلاعات کے مطابق جاریہ سال929اموات سوائن فلو کے سبب ہو چکی ہیں اور ان اموات میں سر فہرست ریاست مہاراشٹرا ہے جہاں یکم جنوری 2017سے 13 اگسٹ تک 404 اموات بوجہ سوائن فلو ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے اقتدار والی ریاست مہاراشٹرا میں سوائن فلو کے مثبت مریضوں کی بڑھتی تعداد اور اموات کے پیش نظر پڑوسی ریاست تلنگانہ بالخصوص سرحدی اضلاع میں احتیاطی اقدامات پر غور کیا جانے لگا ہے تاکہ اس وبائی مرض کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔ ملک بھر میں سوائن فلو کے سبب ہونے والی اموات میں ریاست گجرات دوسرے نمبر پر جہاں یکم جنوری تا 13اگسٹ کے دوران 190 اموات ہو چکی ہیں اسی طرح تلنگانہ میں 23اگسٹ تک کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تواب تک 19اموات ہوچکی ہیں اور گذشتہ یوم 24اگسٹ کو کئے گئے معائنہ جات میں 11افراد سوائن فلو سے متاثر پائے گئے۔ ریاست تلنگانہ میں کے سرحدی اضلاع عادل آباد اور نظام آباد میں سوائن فلو کی وباء کے پھیلنے کے خدشات کے تحت مرکزی حکومت کی وزارت صحت کی جانب سے دونوں اضلاع میں سوائن فلو کے تشخیص و معائنہ کے مراکز کے فوری قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ موسم کی تبدیلی کے سبب تیزی سے پھیل رہے اس وبائی مرض سے بچاؤ کیلئے صرف احتیاطی تدابیر اختیار کی جا سکتی ہیں اور ان احتیاطی تدابیر کے باوجود بھی اگر شدید بخار‘ کھانسی ‘ زکام اور اعضاء شکنی کی شکایت ہو تو فوری ڈاکٹر سے رجوع کرنے کی ضرورت ہے ۔ ریاستی حکومت کے محکمہ صحت کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے ریاست کے تمام اضلاع بالخصوص سرحدی اضلاع پر خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے اور سوائن فلو کے متاثرین کو بہتر سے بہتر علاج کی فراہمی کے انتظامات تمام سرکاری دواخانو ںمیں کئے جا رہے ہیں ۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی ریاست تلنگانہ میں سوائن فلو کے مریضوں کی اتنی تعداد نہیں ہے کہ اسے ہیلت ایمرجنسی کے طور پر دیکھا جائے لیکن اس کے باوجود بھی حکومت کی جانب سے صحت عامہ کے تحفظ کیلئے بہتر سے بہتر انتظامات کئے جارہے ہیں اور شہر میں موجود سرکاری دواخانوں میں بھی سوائن فلو کے علاج کی خصوصی سہولت کی فراہمی کو ممکن بنایا جا رہاہے۔

TOPPOPULARRECENT