Monday , December 11 2017
Home / شہر کی خبریں / نظام دور کے نوادرات کا تحفظ بڑا کارنامہ

نظام دور کے نوادرات کا تحفظ بڑا کارنامہ

ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی کا دورہ دی ایچ ای ایچ نظامس میوزیم
حیدرآباد۔6ستمبر(سیاست نیوز)ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمو دعلی نے مکرم جاہ ٹرسٹ پرانی حویلی میں واقع دی ایچ ای ایچ نظام میوزیم حیدرآباد کا دورہ کرتے ہوئے مذکورہ میوزیم میں موجود نوادرات کا مشاہد ہ کیا اس موقع پرمحترمہ رفعت حسین صاحبہ ڈائرکٹر مکرم جاہ ٹرسٹ و میوزیم کے علاوہ چیف کنسلٹنٹ مکرم جاہ ٹرسٹ ومیوزیم جناب فیروز بیگ‘ کیوریٹرمیوزیم مسٹر بھاسکراور ٹرسٹی جناب بختیار ‘ محترمہ ضحہٰ نے ڈپٹی چیف منسٹر کا استقبال کیا۔قونصل جنرل ترکی مسٹر موراد عمرگلو بھی اس موقع پر موجود تھے۔ جناب محمد محمود علی نے مکرم جاہ ٹرسٹ کے ذمہ داران کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ خانگی طور پر ٹرسٹ کے ذمہ داران نے نظام دور حکومت کے جن نوادرات کو میوزیم کی شکل دیکر تحفظ فراہم کیا ہے وہ ایک بڑا کارنامہ ہے۔ جناب محمد محمو دعلی نے آصف جاہ ششم اور ہشتم کو ترقی پسند حکمران قراریتے ہوئے کہاکہ بادشاہی دور میں بھی مذکورہ حکمرانوں نے جمہوری نظام قائم کرنے جو کام کیا ہے وہ آج کے حکمران طبقے کے لئے ایک مثال ہے۔ انہوں نے آصف جاہ سابع کے دور میںلائے گئے تعمیری اصلاحات کا بھی اس موقع پر ذکر کیا او رکہاکہ عثمانیہ یونیورسٹی جو ہندومسلم بھائی چارے اور امن کی مثال ہے آج بھی اس یونیورسٹی سے لاکھوں طلبہ مستفید ہورہے ہیں ۔ جناب محمد محمود علی نے عثمانیہ دواخانہ‘ شفاء خانہ چارمینار کا بھی اس موقع پر ذکر کیا اور کہاکہ آصف جاہ سابع نے مذکورہ عمارتوں کی تعمیرعمل میں لاتے ہوئے رعایہ کو مفت تعلیم اور طبی سہولتیں فراہم کرنے کاکام کیاہے۔جناب محمد محمو دعلی نے ریاست حیدرآباد کے انڈین یونین میں انضمام اور متحدہ ریاست آندھرا پردیش قائم ہونے کے بعد قطب شاہی اور آصف جاہی دو رحکومت کے کارناموں کا بھی تذکرہ کیا او رکہاکہ ہم اپنے قیمتی اثاثوں اور قطب شاہی اور آصف جاہی حکمرانوں نے کارناموں کو عوام تک پہنچانے میں پوری طرح ناکام رہے۔ جناب محمد محمو دعلی نے حکومت تلنگانہ کو آصف جاہی حکمرانوں کے کارناموں کا معترف قراردیتے ہوئے کہاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو نے علیحدہ تلنگانہ تحریک کے دوران بارہا قطب شاہی اور آصف جاہی حکمرانوں کے دور کے اصلاحا ت کو حوالے دیتے ہوئے علاقہ تلنگانہ کی ترقی کا ذمہ دار آصف جاہی حکمرانو ں کو ٹھہرایا۔ جناب محمد محمو دعلی نے آصف جاہی خاندان کو ریاست تلنگانہ میں شاہی خاندان کا درجہ فراہم کرنے کے متعلق حکومت تلنگانہ کی سنجیدگی کا بھی اس موقع پر ذکر کیا۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کی پہلی سالگرہ کے موقع پر پرنس مکرم جاہ اور آصف جاہی خاندان کے دیگر افراد کو حکومت تلنگانہ کی جانب سے مدعو بھی کیاگیا تھا مگر ناگزیر وجوہات کی بناء پر وہ اس تقریب میں شامل نہیںہوسکے مگر تلنگانہ حکومت آج بھی مکرم جاہ بہادر اور دیگر برداران کو شاہی خاندان کا درجہ فراہم کرنے اور ان خصوصی مراعات پیش کرنے کے لئے پابند عہد ہے۔ جناب محمدمحمو دعلی نے حکومت سے نمائندگی پر مکرم جاہ ٹرسٹ‘ نظام ٹرسٹ او رآصف جاہی حکمرانوں کے نام سے وابستہ دیگر اداروں کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہاکہ میوزیم میں واقع نوادرات آصف جاہی خاندان کی ملکیت ہے جس پر آصف جاہی خاندان کا ہی پورا اختیار ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT