Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / نظام رباط میں 597 عازمین حج کے لیے قیام کے پرمٹس

نظام رباط میں 597 عازمین حج کے لیے قیام کے پرمٹس

ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر مال جناب محمود علی نے آج چیریان پیالیس مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد نظام دکن حیدرآباد رباط ( کیمپ آفس اوقاف کمیٹی ) کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے رباط نظام میں عازمین حج کے لیے مفت قیام و طعام سے متعلق پرمٹس کی تقسیم کا جائزہ بھی لیا ۔ انہوں نے بتایا کہ جاریہ سال 597 عازمین حج کو رباط میں مفت قیام کا موقع مل رہا ہے ۔ اس ضمن میں 585 عازمین کے نام قرعہ اندازی کے ذریعہ نکالے گئے جبکہ 12 عازمین کا نظام دکن کے خاندان سے تعلق ہے ۔ جناب محمود علی کے مطابق کے سی آر حکومت ریاستی عازمین کو زیادہ سے زیادہ اور بہتر سہولتیں فراہم کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھ رہی ہے ۔ چنانچہ حکومت نے مکہ مکرمہ میں رباط کے علاوہ مزید دو عمارتیں کرایہ پر حاصل کی ہیں اس طرح رباط میں پہلے جو 264 عازمین کی گنجائش ہوا کرتی تھی ان دو عمارتوں کے کرایہ پر حاصل کرنے کے بعد یہ گنجائش 597 تک پہنچ گئی ہے ۔ ریاست کے عازمین کے لیے کئے جانے والے انتظامات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس مرتبہ حج ٹرمنل پر غیر معمولی انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ سامان کے لیے بیلٹ کا انتظام ہورہا ہے ۔ جب کہ عازمین حج کے لیے تمام بنیادی انتظامات پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔ انتظامات کے لحاظ سے گذشتہ سال بھی ریاستی حج کمیٹی کو سارے ملک میں پہلا مقام حاصل رہا اور امید ہے کہ جاریہ سال بھی ریاست تلنگانہ اپنا یہ اعزاز برقرار رکھے گی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر کے دورہ مسجد چیریان پیالیس کے موقع پر سکریٹری اوقاف کمیٹی نے انہیں بتایا کہ مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے وصول ہوئے 597 پرمٹس میں سے 100 عازمین حج نے پرمٹس حاصل کرلیے ہیں ۔ جناب محمود علی نے مابقی عازمین حج سے بھی پرمٹس حاصل کرلینے کی اپیل کی ۔۔

TOPPOPULARRECENT