Tuesday , September 25 2018
Home / شہر کی خبریں / نظام کالج گراؤنڈ پر نماز عیدالفطر کی اجازت ، پولیس کے احکام جاری

نظام کالج گراؤنڈ پر نماز عیدالفطر کی اجازت ، پولیس کے احکام جاری

مقامی مسلمانوں میں خوشی کی لہر ، 10 ہزار مسلمانوں کی شرکت متوقع

مقامی مسلمانوں میں خوشی کی لہر ، 10 ہزار مسلمانوں کی شرکت متوقع
حیدرآباد ۔ 24 جولائی ۔ ( سیاست نیوز) کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر مہندر ریڈی نے مسلمانوں کو تاریخی نظام کالج گراؤنڈ پر نماز عیدالفطر کی اجازت دیدی ہے ۔ اس سلسلہ میں کنگ کوٹھی اور اطراف و اکناف کے مسلمان برسوں سے کوشش کررہے تھے ۔ بی جے پی اقلیتی مورچہ کے قومی نائب صدر ایف ایس لائق علی اور ان کے ساتھوں نے ایم ایل اے حلقہ اسمبلی خیریت آباد مسٹر چنتلا رامچندرا ریڈی اور پھر وزیر داخلہ مسٹر این نرسمہا ریڈی سے نمائندگی کرکے بتایا تھا کہ نظام کالج شہر کا تاریخی کالج ہے اور اس کے وسیع و عریض میدان میں مذہبی اجتماعات ، سیاسی جلسے ، تعلیمی نمائشوں اور کتب میلوں کا اہتمام کیا جاتا رہتا ہے ۔اس کالج کے قرب و جوار میں مسلمانوں کی کافی آبادی ہے جنھیں عیدین کی نمازیں ادا کرنے مہدی پٹنم یا پرانا شہر کی عیدگاہوں کا رخ کرنا پڑتا ہے ان حالات میں کنگ کوٹھی شیر گیٹ کے مسلمانوں نے پہل کی اور بی جے پی قائد جناب ایف ایس لائق علی نے اُسے انجام کو پہنچایا ہے ۔ ایڈیشنل کمشنر ( لا اینڈ آرڈر ) کے دفتر سے جاری اجازت نامہ نمبر L&O/M4/2648/2014 مورخہ 24-07-2014 میں بتایا گیا ہے کہ حیدرآباد سٹی پولیس کی دفعات 22(1) اے بی سی ڈی اور ای ایف 1348 فصلی (نمبر IX ) کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لیتے ہوئے ایڈیشنل کمشنر پولیس مسلمانوں کو نظام کالج گراؤنڈ پر نماز عیدالفطر کی ادائیگی کی اجازت کیلئے طلب کردہ درخواست منظور کرتا ہوں ، رویت ہلال کے مطابق نماز عیدالفطر 29 یا 30 جولائی کو 9:30 تا 10 بجے ہوگی ۔ توقع ہے کہ 10 ہزار سے زائد لوگ نماز کی ادائیگی کیلئے پہنچیں گے۔ پولیس نے واضح کیا کہ نماز عیدالفطر کے موقع پر موثر بندوبست کئے جائیں گے جبکہ اس معاملہ میں درخواست گذار ایف ایس لائق علی اور اُنکے ساتھیوں کو بھی تعاون کرنا ہوگا ۔ بہرحال اس اقدام سے مقامی مسلمانوں کو راحت ملے گی ۔ امید ہیکہ نواب عمادالملک کے قائم کردہ نظام کالج گراؤنڈ میں عیدالفطر کی ادائیگی سے ریاست میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور گنگا جمنی تہذیب مزید مستحکم ہوگی ۔

TOPPOPULARRECENT