Sunday , June 24 2018
Home / شہر کی خبریں / نظام کالج گراونڈ پر کل سرکاری سطح پر کرسمس تقریب

نظام کالج گراونڈ پر کل سرکاری سطح پر کرسمس تقریب

چیف منسٹر ، وزراء اور اہم شخصیتوں کی شرکت ، محمد محمود علی کا دورہ ، انتظامات کا جائزہ
حیدرآباد ۔20۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے کہا کہ کرسمس تقاریب کے سلسلہ میں 22 ڈسمبر کو نظام کالج گراؤنڈ پر حکومت کی جانب سے کرسمس ڈنر کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد تمام مذاہب کے عید و تہوار کو سرکاری سطح پر منا رہے ہیں۔ کرسمس ڈنر میں چیف منسٹر ، ریاستی وزراء اور سماج کے مختلف گوشوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیتیں شرکت کریں گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے آج عہدیداروں کے ہمراہ نظام کالج گراؤنڈ کا معائنہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ محکمہ اقلیتی بہبود، پولیس ، برقی ، بلدی نظم و نسق اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ دورہ کی تکمیل کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر نے تمام مذاہب کے تہواروں اور ان کی روایات کو فروغ دینے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کرسمس تقاریب کیلئے حکومت کی جانب سے 15 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ ریاست بھر میں عیسائی خاندانوں میں کرسمس کے موقع پر حکومت کی جانب سے ملبوسات بطور تحفہ تقسیم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس تقاریب کے لئے شہری علاقوں میں ہر چرچ کو ایک لاکھ روپئے کے حساب سے 213 چرچس اور دیہی علاقوں میں 95 چرچس کو فی کس دو لاکھ روپئے منظور کئے گئے ہیں ۔ محمود علی نے کہا کہ رمضان ، بونال اور بتکماں تہواروں کا جس طرح حکومت نے شاندار پیمانہ پر اہتمام کیا ہے ، اسی طرح کرسمس تقاریب بھی ریاست بھر میں سرکاری سطح پر منعقد کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقاریب کے سلسلہ میں تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے نظام کالج گراؤنڈ اور اس کے اطراف واکناف صحت و صفائی کے انتظامات ، موبائیل ٹائلیٹس کی فراہمی پانی کی سربراہی کے سلسلہ میں جی ایچ ایم سی اور میٹرو واٹر ورکس کو ہدایات جاری کی ہیں ۔ پبلک ایڈریس سسٹم اور شامیانے کی تنصیب کے سلسلہ میں بھی ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ کرسمس ڈنر کے موقع پر ٹریفک کے معقول انتظامات کئے جائیں گے اور برقی کی بلا وقفہ سربراہی کو یقینی بنایا جائے گا۔ محمود علی نے کہا کہ چیف منسٹر حقیقی معنوں میں سیکولر قائد ہیں اور وہ تمام مذاہب کا یکساں طور پر احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید اور تہواروں کے موقع پر غریب خاندانوں کو خوشیوں میں شامل کرنے کیلئے معیاری قسم کے ملبوسات تقسیم کئے جاتے ہیں اور کرسمس کے سلسلہ میں کپڑوں کی تقسیم کا سلسلہ شہر اور اضلاع میں جاری ہے۔ حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خاں نے کہا کہ 21 ڈسمبر کی رات تک تمام انتظامات مکمل کرنے محکمہ جات کو ہدایت دی گئی ہے ۔ نظام کالج گراؤنڈ کے اطراف واکناف ٹریفک کے بآسانی بہاؤ کو یقینی بنانے اور گاڑیوں کی پارکنگ کا مناسب انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ڈنر میں شرکت کیلئے آنے والی شخصیتوں کو کوئی دشواری نہ ہونے پائے۔ اس موقع پر صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن سید اکبر حسین سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل ، انچارج جوائنٹ کلکٹر شریمتی نکھیلا ، ڈی سی پی سنٹرل زون جوئل ڈیویس، مینجنگ ڈائرکٹر کرسچن فینانس کارپوریشن وکٹر ، ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار یسوداس ، ایڈیشنل کمشنر جی ایچ ایم سی روی کرن ، آر ڈی او چندرا کلا اور دوسرے موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT