Wednesday , November 22 2017
Home / شہر کی خبریں / نعیم کیس : نواب اور مودی رمیش گرفتار

نعیم کیس : نواب اور مودی رمیش گرفتار

حیدرآباد ۔ 12 اگسٹ ۔ ( سیاست نیوز) خطرناک گینگسٹر نعیم کے ساتھیوں کو یکے بعد دیگرے پولیس کے شکنجے میں کسا جارہا ہے۔ آج سائبرآباد کی اسپیشل آپریشن ٹیم (ایس او ٹی ) نعیم کے دو ساتھیوں کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی جو ضلع رنگاریڈی کے مہیشورم منڈل میں اراضی تنازعات کی یکسوئی کے ذریعہ رقم بٹور رہے تھے ۔ ایس او ٹی نے نعیم ٹولی کے رکن 42 سالہ محمد نواب ساکن مہاتما گاندھی نگر ملکاجگیری اور اُس کے ساتھی 35 سالہ مودی رمیش جو پیشہ سے رئیل اسٹیٹ تاجر ہے کو گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضہ سے اراضی کے دستاویزات ، پرامیسری نوٹس اور دیگر اشیاء برآمد کرلی۔ کمشنر پولیس سائبرآباد ایسٹ مسٹر مہیش مرلیدھر بھاگوت نے بتایا کہ محمد نواب پیشہ سے رئیل اسٹیٹ تاجر ہے اور وہ نعیم کے متوفی قریبی حامی شکیل کا قریبی ساتھی ہے ۔ نواب نے رئیل اسٹیٹ کاروبار کے دوران مودی رمیش سے دوستی کی اور کم وقت میں دونوں نے بڑے پیمانے پر اراضی معاملت میں ملوث ہوتے ہوئے کروڑہا روپئے کمائے ۔ بتایا جاتا ہے کہ تنازعات کی یکسوئی کے دوران مہیشورم کے ساکن آر ایم پی ڈاکٹر یادیا اور جوبلی ہلز کے جئے ریڈی کے درمیان کتہ پیٹ ، محبوب نگر میں واقع 30 ایکر اراضی کا تنازعہ چل رہا تھا جس کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے نواب نے نعیم کے ساتھی شکیل کو اس سلسلے میں واقف کروایا اور بعد ازاں اپنے آپ کو نعیم ٹولی کا رکن بتاتے ہوئے  جئے ریڈی کو دھمکایا کہ اگر وہ اراضی معاملت میں یادیا سے مفاہمت نہ کرے گا تو اُسے موت کے گھاٹ اُتار دیا جائے گا ۔ جئے ریڈی نے نواب کی دھمکی کے پیش نظر اُسے 60 لاکھ روپئے حوالے کئے ۔ اسی اثناء جئے ریڈی نے مذکورہ اراضی میں 21 ایکر اپنے پڑوسی روی تیجا کو فروخت کیا اور اس بات کی اطلاع ملنے پر نواب دوبارہ جئے ریڈی کو دھمکاتے ہوئے اُس سے 80 لاکھ روپئے وصول کئے ۔ مسٹر بھاگوت نے بتایا کہ نواب کے قریبی رشتہ دار محمد یونس جو پیشہ سے سافٹ ویر انجینئر ہے اور وہ چین ، جاپان اور یوروپ میں ملازمت کرتا ہے، نواب کی جانب سے سودی لین دین کیلئے بھاری رقومات روانہ کئے ، جس کے ذریعہ بھاری شرح سود پر عوام کو قرض فراہم کرنے لگا اور جبراً وصولی میں ملوث ہوگیا ۔ معصوم غریب عوام سے جبراً پرامیسری نوٹس اور دستخط شدہ بلینک چیکس حاصل کئے ۔ انھوں نے بتایا کہ نواب اور اُس کا ساتھی یادگیری گٹہ اور اطراف و اکناف علاقوں کے اراضیات معاملات میں بھی ملوث ہے ۔ مذکورہ افراد نعیم سے قربت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کروڑہا روپئے کمائے تھے۔ گرفتار ملزمین کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے انھیں جیل منتقل کردیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT