Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / نلگنڈہ لوک سبھا ضمنی انتخاب پر کانگریس امیدوار کو کامیاب بنانے کا عزم

نلگنڈہ لوک سبھا ضمنی انتخاب پر کانگریس امیدوار کو کامیاب بنانے کا عزم

ٹکٹ دیں تو ضرور مقابلہ کروں گا ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کا ادعا
حیدرآباد ۔ 20 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے سینئیر رکن اسمبلی و سابق وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ اگر حلقہ لوک سبھا نلگنڈہ کے ضمنی انتخابات منعقد ہوتے ہیں تو پارٹی ہائی کمان انہیں ٹکٹ دیتی ہے تو وہ ضرور مقابلہ کریں گے یا صدر تلنگانہ کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی مقابلہ کرتے ہیں تو ہم سب متحدہ طور پر ان کا ساتھ دیں گے ۔ بتکماں تہوار کے موقع پر حکومت کی جانب سے خواتین میں تقسیم کی جانے والی ساڑیوں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ حکومت سیاسی مفادات کے لیے خواتین کے جذبات سے کھلواڑ کررہی ہے ۔ ناقص اور غیر معیاری ساڑیاں تقسیم کرتے ہوئے حکومت خواتین کے چہروں پر خوشی ہونے کا دعویٰ کررہی ہے ۔ جب کہ ریاست کے کئی مقامات پر خواتین نے غیر معیاری ساڑیاں تقسیم کرنے کے خلاف بطور احتجاج ساڑیوں کو نذر آتش کیا ہے ۔ حکومت کو یہ سب کچھ نظر نہیں آرہا ہے اور وہ سب ’ فیل گڈ فیکٹر ‘ ہونے کی جھوٹی تشہیر کررہی ہے ۔ 1.4 کروڑ ساڑیوں پر 222 کروڑ روپئے خرچ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دیا جارہا ہے جب کہ حقیقت میں ساڑیوں کی تقسیم میں بڑے پیمانے پر بدعنوانیاں ہوئی ہیں ۔ انہوں نے اس واقعہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرانے کا حکومت سے مطالبہ کیا ہے ۔ غیر معیاری اور ناقص ساڑیوں کی تقسیم پر چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کو خواتین سے معذرت خواہی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کے علاوہ دوسرے ریاستی وزراء کی جانب سے ساڑیوں کے نذر آتش میں کانگریس قائدین کا ہاتھ ہونے کا الزام عائد کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی نے کبھی ساڑیوں کی تقسیم کی مخالفت نہیں کی اور نہ ہی ساڑیاں نذر آتش کرنے والوں میں کانگریس کے کوئی قائدین شامل تھے ۔ اپنی ناکامی اور بدعنوانیوں کو چھپانے کے لیے حکمران ٹی آر ایس کانگریس اور دوسری اپوزیشن پر جھوٹے بے بنیاد الزامات عائد کررہی ہے ۔ نلگنڈہ حلقہ لوک سبھا کے ضمنی انتخابات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ پہلے انہیں ضمنی انتخابات منعقد ہونے کا یقین نہیں ہے ۔ اگر ہوتا ہے اور پارٹی ہائی کمان انہیں ٹکٹ دیتی ہے تو وہ ضرور مقابلہ کریں گے اگر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی مقابلہ کرتے ہیں تو ہم سب متحدہ طور پر ان کی کامیابی کے لیے کام کریں گے ۔۔

TOPPOPULARRECENT