Monday , December 11 2017
Home / شہر کی خبریں / نلگنڈہ مقامی اداروں کے کونسل انتخابات میں کانگریس کو کامیابی یقینی

نلگنڈہ مقامی اداروں کے کونسل انتخابات میں کانگریس کو کامیابی یقینی

ٹی آر ایس کی دھمکیاں و لالچ بے سود ثابت ہوں گے ، کے جانا ریڈی قائد اپوزیشن کا بیان
حیدرآباد ۔ 14 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : قائد اپوزیشن مسٹر کے جانا ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس کی دھمکیوں اور قائدین کو لالچ دینے کی ہزار کوششوں کے باوجود نلگنڈہ مقامی اداروں کے کونسل انتخاب میں کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ مسٹر کے جانا ریڈی نے کہا کہ انتخابی کامیابیوں کے لیے حکمران ٹی آر ایس غیر اخلاقی ، غیر قانونی و غیر دستوری اقدامات کرتے ہوئے نہ صرف دوسری جماعتوں کے ٹکٹ پر کامیاب ہونے والے عوامی نمائندوں کو ٹی آر ایس میں شامل کررہی ہے بلکہ انتخابی میدان میں موجود دوسری جماعتوں کے امیدواروں کو بھی ٹی آر ایس کے حق میں دستبردار کراتے ہوئے عوام کو غلط پیغام پہونچا رہی ہے جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ قائد اپوزیشن نے کہا کہ ٹی آر ایس کی یہ جیت عارضی ہے اور بہت جلد حکمران جماعت میں پھوٹ پڑ جائیگی ۔ اب جتنے لوگ ٹی آر ایس میں شامل ہورہے ہیں ۔ اس کی دوگنی تعداد میں قائدین دوبارہ اپنی اپنی جماعتوں میں واپس ہوجائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ایک صدی کی تاریخ رکھنے والی جماعت ہے ۔ قائدین سے کانگریس نہیں ہے کانگریس سے ہی قائدین ہیں ۔ کانگریس پارٹی کا کیڈر ہی کانگریس کی بنیاد ہے ۔ حکمران جماعتوں کی دھمکیوں ، لالچ کے باوجود نلگنڈہ مقامی اداروں کے کونسل انتخابات میں کانگریس کا امیدوار مسٹر کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گا ۔ مسٹر راجگوپال ریڈی وہ امیدوار ہیں جنہوں نے 2009 تا 2014 علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے لیے برسر اقتدار جماعت کے رکن پارلیمنٹ ہونے کے باوجود 70 دن تک پارلیمنٹ میں علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے لیے کانگریس کے دوسرے ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ احتجاج کیا اور پارلیمانی کارروائی سے معطل بھی ہوئے نلگنڈہ کے عوام بالخصوص مقامی اداروں کے منتخب نمائندے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کی خدمات سے بخوبی واقف ہیں اور انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں گے ۔۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT