Tuesday , November 21 2017
Home / جرائم و حادثات / نلگنڈہ میں آر ٹی سی بس کو لاری کی ٹکر، 10 ہلاک، 22 زخمی

نلگنڈہ میں آر ٹی سی بس کو لاری کی ٹکر، 10 ہلاک، 22 زخمی

حیدرآباد۔/7اکٹوبر، ( سیاست  نیوز) ضلع نلگنڈہ میں آر ٹی سی بس اور لاری کے درمیان خوفناک سڑک حادثہ میں 10افراد ہلاک، اور 22شدید زخمی ہوگئے۔ 10مسافرین کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ تفصیلات کے بموجب ضلع کے نارکٹ پلی ڈپو کی آر ٹی سی بسAP29Z-2270 جو بھونگیر سے نلگنڈہ آرہی تھی کہ رامنا پیٹ منڈل موضع اندرا پال نگر کے موڑ پر مخالف سمت سے کتابوں سے لدی تیز رفتار لاری نے ٹکر دے دی جس کی وجہ سے بس بے قابو ہوکر سڑک کے کنارے چھوٹے سے کھڈ میں اُتر گئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ ڈرائیور کی سمت کا مکمل حصہ تباہ ہوگیا۔ حادثہ کے وقت بس میں 33افراد سوار تھے۔ مقامی دیہی عوام نے فوری جائے حادثہ پر پہنچ کر بچاؤ اور زخمیوں کو دواخانہ منتقل کرنے کی کوشش کی اور 108 اور پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس بھی فوری متحرک ہوکر جائے حادثہ پر پہنچ کر تمام زخمیوں کو رامنا پیٹ ایریا دواخانہ منتقل کردیا اور نعشوں کو بس سے نکالنے کیلئے کرین کی مدد حاصل کی گئی ہے۔ مقام حادثہ پر دلخراش منظر دکھائی دے رہا تھا۔

مہلوکین کی 45سالہ اے وینکنا ڈی سی ایم ڈرائیور ساکن کٹنگور منڈل32سالہ بھوپتی سری دیوی خانگی ملازم ایوش دواخانہ نکریکل، 50سالہ یالہ ملا ریڈی آر ٹی سی ڈرائیور ساکن چنا توملاگوڑ نارکٹ پلی منڈل، 20سالہ سیدہ سعدیہ اسٹوڈنٹ ساکن توملا گوڑہ، 20سالہ کے اشونی ساکن بھونگیر، 40سالہ جی سرینواس سینئر اسسٹنٹ زیڈ پی ایچ ایس گونے پلی ساکن این جی کالونی نلگنڈہ مستقر، 40 سالہ نامعلوم فرد اور 30 سالہ خاتون کے علاوہ 9ماہ کے بچہ کی شناخت نہیں ہوسکی۔ تمام شدید زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد نارکٹ پلی میں واقع کامنینی دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں پر 24سالہ وجے لکشمی ساکن اپل حیدرآباد زخموں سے جانبر نہ ہوسکی۔ بس میں سوار مابقی 22افراد بھی زخمی ہوگئے جن میں 10افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ حادثہ کی اطلاع پر ریاستی وزیر داخلہ مسٹر این نرسمہا ریڈی ، ٹرانسپورٹ وزیر مسٹر مہیندر ریڈی، ریاستی وزیر برقی مسٹر جی جگدیش ریڈی نے جائے حادثہ پر پہنچ کر تفصیلات سے واقفیت حاصل کی اور ایریا دواخانہ پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی اور کامنینی دواخانہ میں شریک زخمیوں سے ملاقات کی اور معیاری طبی امداد پہنچانے کی ڈاکٹرس کو ہدایت دی۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حادثہ پر اپنے گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا اور مہلوکین کے ورثاء سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے شدید زخمی افراد کی موثر طبی امداد بہم پہنچانے کیلئے متعلقہ عہدیداروں بشمول ضلع کلکٹر نلگنڈہ کو ضروری ہدایات دیں۔ چیف منسٹر نے مہلوکین کے افراد خاندان کو آر ٹی سی انتظامیہ کی جانب سے دی جانے والی امداد کے علاوہ دو لاکھ روپئے ایکس گریشیا رقم حکومت کی جانب سے فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ علاوہ ازیں شدید زخمیوں کو حکومت کے خرچ پر طبی امداد بہم پہنچانے کیلئے موثر اقدامات کرنے کی ضلع کلکٹر نلگنڈہ کو بھی ہدایات دیں۔

TOPPOPULARRECENT