Sunday , December 17 2017
Home / اضلاع کی خبریں / نلگنڈہ میں کونسل انتخابات کی تمام تیاریاں مکمل

نلگنڈہ میں کونسل انتخابات کی تمام تیاریاں مکمل

ضلع میں رائے دہی کے پانچ مراکز، ضلع کلکٹر پی ستیہ نارائنا ریڈی کا بیان

نلگنڈہ۔/9ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) قانون ساز کونسل زمرے مقامی ادارہ جات کے انتخابات کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ 1110 رائے دہندگان کی فہرست چیف الیکٹورل آفیسر کو روانہ کی گئی ہے ۔ ضلع میں رائے دہی کیلئے پانچ مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ یہ بات ضلع کلکٹر نلگنڈہ مسٹر پی ستیہ نارائنا ریڈی نے دفتر ضلع کلکٹریٹ کامپلکس کے کانفرنس ہال میں صحافتی کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ چیف الیکشن کمیشن کی جانب سے 2ڈسمبر کو اعلامیہ کی اجرائی عمل میں آئی، پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 9ڈسمبر تھی۔ 10ڈسمبر کو پرچہ نامزدگیوں کی تنقیح کی جائے گا۔ 12 ڈسمبر کو دستبرداری کی آخری تاریخ ہوگی۔ 27ڈسمبر کو رائے دہی ہوگی۔ رائے دہی کو پرامن بنانے کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ الیکشن ریٹرننگ آفیسر مسٹر وینکٹ راؤ، اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر مسٹر روی نائیک کے بموجب ضلع ریونیو ڈیویژن نلگنڈہ میں 97 مرد، 116 خواتین رائے دہندے ہیں۔ مریال گوڑہ ریونیو ڈیویژن میں 94 مرد ، 142 خاتون جملہ 236۔ بھونگیر ڈیویژن میں 116مرد، 123خاتون جملہ 239، سوریا پیٹ ڈیویژن میں 119 مرد، 164 خاتون جملہ 253۔دیور کنڈہ ڈیویژن میں جملہ 139 میں 63مرد، 76 خاتون رائے دہندگان ہیں جن کیلئے جملہ 5 رائے دہی مراکز نلگنڈہ میں گورنمنٹ جونیر کالج گرلز، مریال گورہ ڈیویژن میں زیڈ پی ایچ ایس بکھال واڑ، بھونگیر ڈیویژن میں ایم پی ڈی او آفس، سوریا پیٹ ڈیویژن میں ایم پی ڈی او آفس ، دیور کنڈہ میں ایم پی ڈی او آفس، دیور کنڈہ میں قائم کئے ہیں۔ رائے دہی کے اوقات کار صبح 8 تا 4بجے مقرر ہیں۔ پہلی مرتبہ بیالٹ پیپرس پر امیدواروں کے ناموں کے علاوہ تصاویر بھی شائع رہیں گی۔ 24ڈسمبر کو تشہیر کا آخری دن ہوگا۔

 

25ڈسمبر کو عہدیداروں کو پولنگ سے متعلق معلومات فراہم کئے جائیں گے۔  تمام پولنگ مراکز کے 100میٹر تک کوئی پوسٹرس وغیرہ لگانے پر امتناع رہے گا اور تمام مراکز رائے دہی کے بیرونی حصہ سے ہی ویڈیو گرافی کی جائے گی اور ویب کاسٹنگ بھی کی جائے گی۔ اس خصوص میں 5پریسائیڈنگ آفیسرس، اسسٹنٹ پریسائیڈنگ آفیسرس 5، پولنگ عہدیدار ( مائیکرابزرورس، ویڈیو گرافرس 5، 10ویب کاسٹنگ، سیکوویل آفیسر 5 متعین کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں تحصیلداروں پر مشتمل فلائنگ اسکواڈ ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 27ڈسمبر کو ڈی ڈبلیو اے ایم اے آفس میں اسٹرانگ روم قائم کیا گیا۔ شام 5بجے تک بیالٹ باکسوں کو یہاں پر محفوظ کردیا جائے گا۔30ڈسمبر کو رائے شماری ہوگی۔ ضلع مہتمم پولیس نلگنڈہ مسٹر وکرم نے کہا کہ ہر ریونیو ڈیویژن میں ایک ڈی ایس پی 5سرکل انسپکٹرس، 15 سب انسپکٹرس، 46 پولیس ملازمین، 8خاتون ملازمین کی حیثیت سے متعین کیا جائے گا۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن کے رہنمایانہ خطوط پر کارروائی کی جائے گی۔ اسٹرانگ روم پر مرکزی پولیس ٹیم کو متعین کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ جملہ 130 ملازمین کی خدمات حاصل کرنے کے علاوہ سی اے پی ایف کی 7سیکشن ملازمین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ اس موقع پر انچارج جوائنٹ کلکٹر مسٹر وینکٹ راؤ، ڈسٹرکٹ ریونیو آفیسر مسٹر روی نائیک، مسٹر گنگارام، او ایس ڈی مسٹر وینکٹیشورراؤ کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنر محکمہ آبکاری و نشہ بندی شریمتی انوسویہ ڈی ایس او ( ایس بی ) شریمتی شویتا و دیگر موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT