Monday , August 20 2018
Home / اضلاع کی خبریں / نماز پنجگانہ کی ادائیگی سب سے بڑی عبادت

نماز پنجگانہ کی ادائیگی سب سے بڑی عبادت

کوڑنگل میں منعقدہ جلسہ سے مولانا حافظ محمد عبدالرشید کا خطاب
کوڑنگل۔/24 فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میلاد کمیٹی کوڑنگل کے زیر اہتمام گزشتہ روز شام میں بمقام جامع مسجد ’’ نماز کی اہمیت ‘‘ عنوان کے تحت عظیم الشان جلسہ منعقد ہوا۔ نوجوانوں کے کثیر اجتماع کو مخاطب کرتے ہوئے خطیب عیدین و امام مسجد مولانا حافظ محمد عبدالرشید نے کہا کہ اسلام کی بنیاد پانچ چیزوں پر قائم ہے۔ ایمان، نماز، روزہ، زکوٰۃ اور حج ۔ ایمان کے بعد سب سے اہم رکن نماز ہے۔ نماز ہی وہ واحد رکن ہے جو ابتدائے وحی کے ساتھ ہی فرض ہوا جبکہ بقیہ تین ارکان یعنی روزہ ، زکوٰۃ اور حج تیرہ برس کے بعدمدینہ منورہ میں فرض ہوئے۔ ارشاد نبویؐ ہے کہ قیامت میں انسان کے اعمال میں سب سے پہلے جس عمل کا حساب لیا جائے گاوہ نماز کے بارے میں ہوگ۔ نیز نماز اللہ کے رسول ؐ کے آنکھوں کی ٹھنڈک ہے۔ ہمارے اسلاف نے زمانہ قدیم میں آبادیوں کے علاوہ مختلف گزرگاہوں اور فاصلوں پر مساجد کو تعمیر کیا تاکہ بندوں کو اپنے رب کے حضور اپنی جبینوں کو سجدہ ریز کرنے کا موقع مل جائے۔ مگر یہ ہماری بدبختی ہے کہ ہم زمین پر بڑے پیمانے پر پھیل جانے کے باجود بھی کئی مساجد ویران ہیں۔ آج ہم اس فانی دنیا میں اس قدر محو ہوگئے ہیں کہ اپنی عاقبت سے بھی غافل ہوگئے ہیں۔ ارشاد نبویؐ ہے کہ نماز مومن کی معراج ہے۔ جس طرح نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم معراج میں خداوند قدوس کی بارگاہ میں حاضری سے مشرف ہوئے اسی طرح نماز میں ہر مومن بارگاہ خداوندی میں حاضری سے مشرف ہوتاہے۔ نماز انسان کو بے حیائی اور برائی کے کاموں سے روکتی ہے۔ نماز میں خشوع و خضوع لازم ہے۔ قرآن مجید ان نمازیوں پر افسوس کا اظہار کرتا ہے جو اپنی نمازوں میں غفلت برتتے ہیں۔ ایک مرتبہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہ ؓ سے سوال کیاکہ کیا تم جانتے ہو کہ سب سے بڑا چور کون ہے، صحابہ ؓ نے عرض کیا کہ جو لوگوں کا مال چراتا ہے۔ نبی کریم ؐ نے فرمایا کہ میری اُمت کا چور وہ ہے جو اپنی نماز میں چوری کرتا ہے۔ یعنی نماز کے ارکان رکوع و سجود برابر ادا نہیں کرتے۔ جس طرح نماز فرض ہے اسی طرح نماز کی ادائیگی کا طریقہ اور اس کے تمام متعلقہ ارکان اور اذکار کو سیکھنا بھی فرض ہے۔ مولانا موصوف نے نماز پنچگانہ کی پابندی سے ادائیگی کو سب سے بڑی عبادت قرار دیا اور نمازوں کی پابندی کی تلقین کی۔ مسرز محمد محسن، محی عادل، عبدالقادر منصور، عبدالکریم، عبدالقادر عرف عبدل اور افروزنے انتظامات میں کافی دلچسپی لی۔

TOPPOPULARRECENT