Monday , November 20 2017
Home / شہر کی خبریں / نندیال اسمبلی حلقہ کی انتخابی مہم زور وشور سے جاری

نندیال اسمبلی حلقہ کی انتخابی مہم زور وشور سے جاری

حیدرآباد20اگست(سیاست ڈاٹ کام)آندھراپردیش کے ضلع کرنول کے نندیال اسمبلی حلقہ کی انتخابی مہم زور وشور سے جاری ہے جہاں اس ماہ کی 23تاریخ کو ضمنی انتخاب ہونے والا ہے ۔آندھراپردیش کے وزیراعلی این چندرابابونائیڈو اور اپوزیشن وائی ایس آرکانگریس کے سربراہ جگن موہن ریڈی اس حلقہ میں انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔کانگریس بھی اس انتخاب میں اپنی قسمت آزمائی کر رہی ہے ۔چیف منسٹر این چندرابابونائیڈو نے مختلف مقامات پر انتخابی جلسوں سے خطاب کیا جبکہ جگن موہن ریڈی گزشتہ 9دنوں سے پُر زور انتخابی مہم چلارہے ہیں۔اس انتخاب میں وائی ایس آرکانگریس پارٹی اپنی کامیابی کے لئے تمام تر کوششیں کر رہی ہے ۔اس کے اب تک 21ارکان اسمبلی نے پارٹی چھوڑ کر تلگودیشم میں شمولیت اختیار کی ہے ۔بھوماناگی ریڈی کی موت کے سبب اس حلقہ کا ضمنی انتخاب ہورہا ہے ۔ناگی ریڈی نے وائی ایس آر کانگریس کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی تھی تاہم انہوں نے بعد ازاں تلگودیشم میں شمولیت اختیار کی تھی ۔تلگودیشم نے ناگی ریڈی کے قریبی بھوما برہمانند ریڈی کو امیدوار بنایا ہے جبکہ وائی ایس آرکانگریس نے شلپا موہن ریڈی کو میدان میں اتارا ہے ۔چندرابابونائیڈو نے روڈ شوز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں کانگریس دس برسوں تک اقتدار میں رہی تاہم اس نے نندیال ٹاون کی ترقی کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے ۔انہوں نے اپنے خون کے آخری قطرہ تک عوام کی فلاح وبہبود کے لئے کام کرنے کا عزم کیا ۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے تقریبا 24ہزار کروڑروپئے مالیتی زرعی قرض معاف کئے اور آبپاشی پروجیکٹس کی تکمیل بھی تیزی کے ساتھ کی جارہی ہے ۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ نندیال کو اسمارٹ ٹاون کے طورپر ترقی دی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT