Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / نندیال میں کل ضمنی انتخابات ، انتخابی مہم کا اختتام

نندیال میں کل ضمنی انتخابات ، انتخابی مہم کا اختتام

غیر مقامی قائدین کو حلقہ چھوڑنے کی ہدایت ، چیف الیکٹورل آفیسر
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ریاست آندھرا پردیش کے حلقہ اسمبلی نندیال ( ضلع کرنول ) کے ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں جہاں 23 اگست کو صبح 7 تا 6 بجے شام رائے دہی منعقد ہوگی ۔ وہیں اس حلقہ میں 21 اگست کو 6 بجے انتخابی مہم کا اختتام عمل میں آیا ۔ انتخابی مہم کے اختتام پر فوری طور پر غیر مقامی قائدین حلقہ نندیال سے روانہ ہوجانا چاہئے ۔ اگر وقت گزرجانے کے باوجود کوئی غیر مقامی قائدین حلقہ اسمبلی نندیال میں مقیم رہنے کی صورت میں ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا چیف الیکٹورل آفیسر نے سخت انتباہ دیا ۔ انتخابی مہم کے اختتام سے قبل ریاستی چیف الکٹورل آفیسر آندھرا پردیش و تلنگانہ مسٹر بھنور لعل نے ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کرنول ، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کرنول اور ٹریننگ آفیسر حلقہ اسمبلی نندیال کے علاوہ دیگر متعلقہ سیول و پولیس عہدیداروں سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ 23 اگست کو منعقد ہونے والے رائے دہی کے لیے کئے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور الیکشن سے متعلقہ عہدیداروں کو رائے دہی کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سخت ترین اقدامات کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ کسی بھی غیر مقامی قائد کو انتخابی مہم کے ختم ہونے کے بعد حلقہ اسمبلی نندیال میں رہنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے بلکہ سختی کے ساتھ غیر مقامی قائدین کو حلقہ اسمبلی نندیال سے روانہ کردینے کے اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ انہیں جو کوئی بھی سیاسی پارٹی کے قائدین یادداشتیں پیش کریں گے انہیں وہ قبول کر کے مناسب کارروائی کے لیے مرکزی الیکشن کمیشن کو روانہ کریں گے اور وہ جو بھی کارروائی کرسکتے ہیں کریں گے ۔ مسٹر بھنور لعل نے کہا کہ رائے دہی کے اختتام تک حلقہ اسمبلی میں شراب کی دوکانیں مکمل بند رکھی جائیں گی ۔ انہوں نے اخباری نمائندوں کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ رائے دہندے اگر چاہیں تو ووٹ دینے کے 6 تا 7 سکنڈ میں اپنے ووٹ کا صحیح استعمال ہونے کی توثیق حاصل کرلے سکتے ہیں ۔ ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر نے مزید کہا کہ تلگو فلم اسٹار و رکن اسمبلی تلگو دیشم پارٹی مسٹر بالا کرشنا کی جانب سے رقومات کی تقسیم کرنے سے متعلق موصولہ شکایت پر ضلع کلکٹر سے موصولہ رپورٹ میں مسٹر بالا کرشنا کے ہاتھ میں انتخابی پمفلٹ پائے جانے کا پتہ چلا ہے ۔ مسٹر بھنور لعل نے کہا کہ رائے دہی کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں ۔ رائے دہی کے لیے جملہ 255 مراکز رائے دہی قائم کئے گئے ہیں ۔ اس حلقہ اسمبلی میں جملہ 15 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں اور اس حلقہ اسمبلی میں جملہ 2,19,108 رائے دہندے پائے جاتے ہیں ۔ انتخابی رائے دہی کے پرامن انعقاد کے لیے 1751 پولیس ملازمین و عہدیداروں کے علاوہ چھ سی آر پی ایف کمپنیاں اور آٹھ آندھرا پردیش اسپیشل پولیس کے پلاٹونس کو تعینات کیا جارہا ہے ۔ ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر آندھرا پردیش و تلنگانہ مسٹر بھنور لعل نے حلقہ اسمبلی نندیال کے رائے دہندوں سے آزادانہ طور پر اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کرنے کی پر زور اپیل کی ۔۔

 

TOPPOPULARRECENT