Friday , May 25 2018
Home / شہر کی خبریں / نندی ایوارڈز کو متنازعہ بنانے والوں پر تنقید : نارا لوکیش

نندی ایوارڈز کو متنازعہ بنانے والوں پر تنقید : نارا لوکیش

حیدرآباد ۔ 20 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : آندھرا پردیش کے وزیر آئی ٹی نارا لوکیش نے نندی ایوارڈس کی تقسیم کو متنازعہ بنانے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو تکلیف پہونچی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج نندی ایوارڈس پر ریمارکس کرنے والے ماضی میں نندی ایوارڈس نہ دینے پر خاموش کیوں تھے ۔ تب سوالات کی بوچھار کیوں نہیں کی ۔ آندھرا پردیش میں آدھار اور ووٹر شناختی کارڈ نہ رکھنے والے این آر آئیز اور حیدرآباد میں بیٹھنے والوں کو تلگو دیشم پر تنقیدوں کا اخلاقی حق نہیں ہے ۔ انہیں آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے اور نندی ایوارڈس پر لب کشائی کرنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ نارا لوکیش نے کہا کہ نندی ایوارڈ کے انتخاب کا فیصلہ جیوری کرتی ہے ۔ افسوس کی بات ہے کہ جیوری ممبرس بھی تنقید کرنے والوں میں شامل ہیں ۔ حیدرآباد میں بیٹھ کر آندھرا پردیش کیلئے مشورے دینے والوں کو عوام پسند نہیں کرتے ۔ صرف دو یا تین افراد ہی نندی ایوارڈس کو متنازعہ بنا رہے ہیں جس سے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو بہت زیادہ تکلیف ہوئی ہے ۔ نارا لوکیش نے آندھرا پردیش کو خصوصی درجہ دینے اسمبلی کا گھیراؤ کرنے پر بھی ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا اسمبلی کا گھیراؤ کرنے سے خصوصی درجہ حاصل ہوگا ۔ اس کیلئے دہلی کا گھیراو کرنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے کسی بھی ریاست کو خصوصی ریاست کا درجہ نہیں دیا جارہا ہے ۔ اس لیے خصوصی پیاکیج سے اتفاق کیا گیا ہے ۔ خصوصی درجہ اور پیاکیج کے درمیان فرق محسوس نہ کرنے والے من مانی باتیں کرتے ہوئے ریاست کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT