Sunday , December 17 2017
Home / ہندوستان / نواز شریف کو مبارکباد پیش کرنے پرشیوسینا کا اعتراض

نواز شریف کو مبارکباد پیش کرنے پرشیوسینا کا اعتراض

نریندر مودی پر شیواجی کے نظریہ کی خلاف ورزی کا الزام
ممبئی۔/27ڈسمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے پاکستانی ہم منصب نواز شریف کو دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے باوجود سالگرہ کی مبارکباد پیش کرنے پر اعتراض کرتے ہوئے شیوسینا نے آج کہا کہ چھتر پتی شیواجی کا یہ قول تھا کہ جنگجو بادشاہ ( یودھا ) قوم کے دشمنوں کو کبھی مبارکباد پیش نہیں کرتا۔ یہ بھی ایک حسن اتفاق ہے کہ شیوسینا نے ممبئی میں شیواجی میموریل ( یادگار ) کا سنگ بنیاد رکھنے کے اندرون چند یوم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ حلیف جماعت نے وزیر اعظم کے جلسہ میں بی جے پی حامیوں کی جانب سے مودی مودی کا جاپ کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا جس میں شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے بھی شریک تھے۔ شیوسینا کے ترجمان ’سامنا ‘ کے اداریہ میں یہ نشاندہی کی گئی ہے کہ شیواجی مہاراج کا یہ تصور تھا کہ سوراج (خود حکمران ) کے دشمن بھی قوم کے دشمن ہوتے ہیں اور شیواجی نے کبھی بھی اورنگ زیب، افضل خان اور شائستہ خان کو مبارکباد پیش نہیں کی۔ شیوسینا نے یہ بھی کہا ہے کہ بی جے پی میں نریندر مودی کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا اور مودی کی مرہون منت کی وجہ سے پارٹی آج برسراقتدار ہے۔ لیکن ممبئی کے جلسہ میں شیوسینک اور شیواجی کے پرستار چھتر پتی کے حق میں ستائشی نعرے بلند کررہے تھے۔ دوسری طرف بی جے پی ورکرس، مودی ۔ مودی کا بھجن کررہے تھے۔ آیا کوئی اپنا تقابل شیوجی سے کرسکتا ہے۔ ہرگز نہیں۔ غالباً مودی بھی نہیں؟۔ واضح رہے کہ اتوار کے دن  منعقدہ جلسہ عام میں شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے کے خطاب کے دوران مسلسل رخنہ پیدا ہورہا تھا جب بی جے پی کے حامیوں نے بارہا مودی۔ مودی کا نعرہ لگایا۔

TOPPOPULARRECENT