نواز شریف کیخلاف مقدمہ دائر کرنے کی درخواست خارج

لاہور،17 مئی (سیاست ڈاٹ کام) لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کروانے کے لیے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی۔عدالتِ عالیہ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کے لیے دائر درخواست پر 16 مئی کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔جسٹس شمس محمود مرزا نے فیصلہ سناتے ہوئے اس درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے دیا جبکہ درخواست گزار کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔خیال رہے درخواست گزار نے نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ دائر کرنے کی ایک درخواست لاہور ہائی کورٹ میں جمع کرائی تھی جس میں استدعا کی گئی تھی کہ نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ دائر کیا جائے ۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ سابق وزیراعظم کا ممبئی حملوں سے متعلق بیان ملک سے غداری کے مترادف ہے ۔درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نے پاکستان اور قومی سلامتی اداروں کو بدنام کیا ہے اس لیے عدالتِ عالیہ ان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا حکم جاری کرے ۔

TOPPOPULARRECENT