Friday , November 24 2017
Home / پاکستان / نواز شریف کے دورۂ امریکہ میں تخفیف

نواز شریف کے دورۂ امریکہ میں تخفیف

اسلام آباد 14 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے اپنے دورہ امریکہ کو پانچ دنوں سے مختصر کرتے ہوئے صرف تین دن کرلیا ہے جس کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ اُنھیں اس بات کا اندیشہ ہے کہ اگر اُنھوں نے شکاگو میں اپنی مصروفیتیں جاری رکھیں تو اپوزیشن پاکستان تحریک انصاف شہر میں احتجاج شروع کردے گی۔ 19 اکٹوبر کو نواز شریف امریکہ پہنچنے والے تھے لیکن اب اُن کی آمد 20 اکٹوبر کو متوقع ہے۔ اخبار ڈان کے مطابق نواز شریف کی جانب سے دورہ کو مختصر کرنے کے بعد منتظمین بھی کم سے کم دو تقاریب کو منسوخ کرنے پر مجبور ہوگئے جن میں پاکستانی نژاد امریکی سرمایہ کاروں سے خطاب بھی شامل تھا۔ بہرحال شکاگو کا دورہ منسوخ کرنے کی وجہ کرکٹر سے سیاست داں بنے عمران خان کی پاکستان تحریک انصاف کا متوقع احتجاج ہے جو وہ نواز شریف کے خلاف منظم کرسکتے ہیں جیسا کہ گزشتہ ماہ وزیر مالیات پاکستان اسحق ڈار کے دورہ نیویارک کے موقع پر کیا گیا تھا۔ منتظمین نے اب 23 اکٹوبر کو کمیونٹی میٹنگ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے اور نواز شریف بھی اب 24 اکٹوبر کی بجائے 23 اکٹوبر کو ہی پاکستان واپس آئیں گے۔ قبل ازیں 22 اکٹوبر کو وائٹ ہاؤس میں اُن کی صدر امریکہ بارک اوباما سے ملاقات ہوگی۔

TOPPOPULARRECENT