Monday , December 18 2017
Home / Top Stories / نوجوانوں کو رمضان کے بعد بھی پابندیٔ صوم و صلوٰۃ کی تلقین

نوجوانوں کو رمضان کے بعد بھی پابندیٔ صوم و صلوٰۃ کی تلقین

مساجد میں لیلۃ الجائزہ اور دعاؤں کا خشوع و خضوع کے ساتھ اہتمام

حیدرآباد۔6جولائی (سیاست نیوز) دونوں شہروں کی مختلف مساجد میں رمضان المبارک کی آمد پر خوشیوں کا اظہار کرتے ہوئے استقبال رمضان میں مصروف مسلمانوں نے آج ماہ رمضان المبارک کو اشکبار آنکھوں کے ساتھ وداع کیا۔ شہر کی مختلف مساجد میں جہاں اجتماعی اعتکاف کا اہتمام کیا گیا تھا وہاں آخری شب ماہ رمضان یعنی لیلۃالجائزہ کا اہتمام عمل میں لایا گیا۔ لیلۃ الجائزہ کے دوران علماء نے خصوصی خطابات و دعاؤں کا اہتمام کرتے ہوئے نوجوانوں کو زندگی رمضان کی طرح گذارنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل میں کوئی گناہ کی سمت رغبت نہ کرنے کا عہد کریں تاکہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے بتائے ہوئے راستے پر گامزن رہ سکیں ۔ ان خصوصی اجتماعات کے دوران شہر و ریاست کے علاوہ ملک میں امن و امان کی برقراری کیلئے اور رحمت والی بارش کیلئے دعائیں کی گئی۔

مختلف مساجد میں منعقد ہونے والے دعائیہ اجتماعات کے دوران توبہ و استغفارکی گئی اور آئندہ بہتر زندگی گذارنے کے عہد کا اعادہ کیا گیا۔مسجد رحمانیہ کمان ایلچی بیگ منڈی میر عالم میں مولانا حافظ عرفان قادری نے توبہ و استغفار کے عنوان پر خصوصی خطاب کیا ۔ اس کے علاوہ مولانا مفتی عبدالعزیز قادری نے عید کیسے منائیں کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے امت مسلمہ عیدالفطر کے موقعہ پر غریبوں ‘ مسکینوں اور یتیموں کا خاص خیال رکھنے کی تلقین کی۔ علماء نے لیلۃالجائزہ و لیلۃالانعام کے دوران اپنے خطابات میں نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ مساجد کو ہمیشہ آباد رکھیں اور نمازوں کی پابندی کو یقینی بنائیں ۔ اللہ سے تعلق کو مستحکم کرنے کیلئے یہ ضروری ہے کہ قرآن اورنماز سے اپنے تعلق کو مضبوط کیا جائے۔ عالم اسلام کے خلاف جاری سازشوں کو سمجھنے کی تلقین کرتے ہوئے علماء نے کہا کہ جو لوگ دہشت گردی کی حمایت کرتے ہیں یا ان کے باطل نظریات کو فروغ دینے کی کوشش کرتے ہیں وہ دراصل گمراہ ہو رہے ہیں۔ اسی لئے نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ شدت پسندی کا شکار ہوئے بغیر ہر معاملہ کی تحقیق کریں تا کہ وہ ان سازشی نظریات کا شکار نہ ہونے پائیں جواسلام کو بدنام کرنے کے درپے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT