Sunday , August 19 2018
Home / شہر کی خبریں / نوجوانوں کو سیرت پاکؐ کے راستہ پر گامزن ہونے کا مشورہ

نوجوانوں کو سیرت پاکؐ کے راستہ پر گامزن ہونے کا مشورہ

ایم بی ٹی کا جلسہ رحمۃ اللعالمینؐ، مفتی مسعود احمد برکاتی، امانت اللہ خاں، مجید اللہ خان فرحت و دیگر کا خطاب

حیدرآباد 10 ڈسمبر (پریس نوٹ) نوجوان نسل کو چاہئے کہ وہ سیرت پاک صلی اللہ علیہ و سلم کے راستے پر گامزن ہوجائیں۔ انھوں نے کہاکہ قرآن و حدیث پاک سے دوری کا نتیجہ ہے کہ نوجوان نسل تباہ و تاراج ہورہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار حضرت مفتی مسعود احمد برکاتی (اعظم گڑھ) نے مجلس بچاؤ تحریک کے زیراہتمام جشن رحمۃ اللعالمین صلی اللہ علیہ و سلم کے جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ رحمۃ اللعالمین صلی اللہ علیہ و سلم میں شدید سردی کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں شمع محمدیؐ کے پروانے رات دیر گئے تک موجود تھے۔ مفتی مسعود احمد برکاتی نے کہاکہ مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ آقائے دو جہاں ﷺ کی تعلیمات پر نہ صرف عمل پیرا ہوجائیں بلکہ دیگر کو بھی روشناس کروائیں۔ انھوں نے سرکار دو جہاں ﷺ کی سیرت پاک پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے مختلف احایث مبارکہ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ کس طرح سرکار دو جہاں ﷺ کی تعلیمات پر صحابہ کرامؓ عمل پیرا تھے۔ انھوں نے صحابہ کرامؓ کے واقعات کا بھی تفصیلی طور پر احاطہ کرتے ہوئے اُمت مسلمہ کو واقف کروایا۔ رکن اسمبلی عام آدمی پارٹی امانت اللہ خان نے مسلمانوں کی ملک میں زبوں حالی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ملک کی آزادی کے باوجود آج تک مسلمان ہر طرح سے مصائب و مشکلات سے دوچار ہیں۔ انھوں نے کہاکہ آزادیٔ ہند میں حصہ لینے والے مسلمانوں کو پاکستانی قرار دیا جاتا اور انگریزوں کو دیش بھگت قرار دیا جاتا ہے۔ یہ ایک آر ایس ایس کی منصوبہ بند سازش ہے۔ انھوں نے کہاکہ عام آدمی پارٹی تمام طبقات کی فلاح و بہبود پر نظر مرکوز کی ہوئی ہے۔ انھوں نے تعلیم کے حصول کے لئے نوجوانوں کو پہل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ نوجوان نسل زیور تعلیم سے آراستہ ہوتے ہوئے مسابقتی دوڑ میں شامل ہوتے ہوئے قوم و ملک کی خدمت کرے۔ امانت اللہ نے فرقہ پرست طاقتوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ شرپسند فرقہ پرست طاقتیں مسلمانوں کو دہشت میں مبتلا کررہی ہیں چنانچہ مسلمان ٹوپی اور برقعہ استعمال کرنے سے گریز کررہے ہیں۔ انھوں نے صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے بیت المقدس کو ناجائز طور پر صیہونی مملکت اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے پر سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ مسلمان سب کچھ برداشت کرسکتا ہے لیکن اپنے قبلہ اول کے متعلق امریکہ کی اس گھناؤنی سازش کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔ فرحت خاں نے کہاکہ 1967 ء کی عرب اسرائیل جنگ کے دوران اس مقدس شہر کے بیشتر حصوں پر قبضہ کرلیا گیا تھا۔ اسرائیل نے اپنے اس قبضہ کا جواز پیدا کرنے اور اپنی ناجائز مملکت کا جز بنانے کی کوشش کرتا رہا اور امریکہ عرصہ دراز سے ہی اپنے اس ناپاک منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے میں کوشاں ہے کہ قبلہ اول کو اسرائیل کے حوالے کریں۔ فرحت اللہ خاں نے کہاکہ مجلس بچاؤ تحریک اپنے قیام کے روز اول سے ہی امریکہ کی منصوبہ بند سازشوں سے برادران اسلام کو واقف کرواتا رہا۔ انھوں نے تمام عرب ممالک کو متحد ہوتے ہوئے قبلہ اول کے تحفظ کے لئے کمربستہ ہونے کا مطالبہ کیا۔ امجداللہ خان خالد نے استقبالیہ معتمد نے 26 سال سے ایم بی ٹی کے زیراہتمام جلسہ کے انعقاد کیلئے کئے گئے اقدامات سے تفصیلی طور پر واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ نشیب و فراز کے باوجود سرکار کا جشن انتہائی خشوع و خضوع کے ساتھ ایم بی ٹی اہتمام کرتی چلی آرہی ہے۔ جلسہ کو بیرونی قراء اکرام نے بھی مخاطب کیا۔ جلسہ کا آغاز قرأت کلام پاک سے ہوا۔ نعت شریف کا نذرانہ بارگاہِ کونینؐ میں گزرانا گیا۔ صلوٰۃ و سلام پر جلسہ کا اختتام ہوا۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT