Saturday , December 16 2017
Home / شہر کی خبریں / نوجوانوں کی ترقی و صلاحیتوں کو ابھارنے حکومت تلنگانہ کے اقدامات کی ستائش

نوجوانوں کی ترقی و صلاحیتوں کو ابھارنے حکومت تلنگانہ کے اقدامات کی ستائش

ورنگل میں ٹاسک ریجنل سنٹر کا افتتاح، کرشنما چاری سریکانت کرکٹر کا خطاب
حیدرآباد۔/14اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کرشنما چاری سریکانت نے ملک کے مستقبل یعنی نوجوانوں کی ترقی اور اُن میں صلاحیتوں کو اُبھارنے کیلئے تلنگانہ حکومت کے اقدامات کی ستائش کی ہے۔ سریکانت نے آج ورنگل میں ٹاسک ریجنل سنٹر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کو اپنی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے کا موقع حاصل ہے اور اس کے لئے تلنگانہ حکومت کے اشتراک سے ادارہ ٹاسک مساعی کررہا ہے۔ حکومت کے تعاون سے پرسنالٹی ڈیولپمنٹ، قائدانہ صلاحیتیں، ٹیم ورک، ملازمت میں نکھار اور دیگر صلاحیتوں کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں انگریزی پر عبور پیدا کرنے کیلئے تربیت فراہم کی جائے گی۔ سریکانت نے کہا کہ ان کا تعلق چینائی سے ہے اور وہ کرکٹر ہیں۔ وہ کسی کو خوش کرنے کیلئے یہ ستائش نہیں کررہے ہیں بلکہ وہ پوری دیانتداری اور دل کی گہرائیوں سے حکومت کے اقدامات کی ستائش کررہے ہیں۔ سریکانت نے کہا کہ ملک کی دیگر ریاستوں کے مقابلہ تلنگانہ ریاست ترقی میں آگے ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ، ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے سریکانت نے کہا کہ ادارہ ٹاسک تلنگانہ کے نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافہ کا سبب بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ویراٹ کوہلی جیسے ڈائنامک آئی ٹی منسٹر کے ٹی آر اور روی شاستری جیسے تجربہ کار ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری پر مشتمل بہترین ٹیم تلنگانہ میں موجود ہے۔ اس ٹیم کی خدمات تلنگانہ کے نوجوانوں کو بھرپورانداز میں حاصل کرنا چاہیئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سنٹر کے قیام سے نہ صرف ورنگل بلکہ دیگر علاقوں کے نوجوانوں کو فائدہ ہوگا۔ ورنگل اربن میں قائم کئے گئے اس سنٹر کا افتتاح ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے وزیر کے ٹی راما راؤ نے کیا۔ اس سنٹر کیلئے ٹاسک نے 4 کمپنیوں سے معاہدہ کیا ہے۔ ٹاسک کے صدرنشین سابق کرکٹر سریکانت کی مساعی کو ریاستی وزراء اور عوامی نمائندوں نے سراہا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ورنگل میں آئی ٹی پارک اور ٹیکسٹائیل پارک تعمیر کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد موڈی کنڈہ میں 25کروڑ سے آئی ٹی ٹاسک سنٹر قائم کیا جائے گا۔ ٹاسک کے ذریعہ ورنگل کے طلباء کو خدمات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد۔ ورنگل انڈسٹریل کاریڈار کے آغاز کی مساعی کی جارہی ہے جس سے ورنگل کے نوجوانوں کو روزگار حاصل ہوگا۔ ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے کہا کہ ورنگل کے نوجوانوں نے مختلف شعبہ جات کی ترقی میں نمایاں رول ادا کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT