Tuesday , September 25 2018
Home / شہر کی خبریں / نوجوان نسل اور بچوں میں دینی بیداری کے لیے مہم

نوجوان نسل اور بچوں میں دینی بیداری کے لیے مہم

کل ہند جمعیت اہل حدیث کی جانب سے مختلف پروگراموں کو قطعیت
حیدرآباد۔6فروری(سیاست نیوز) کل ہند جمیعت اہل حدیث کونسل ملک و قوم کی معاشی ‘ تعلیمی ‘ سیاسی ترقی کے ساتھ ہندستان میں نوجوان نسل اور بچوں میں دینی بیداری کے لئے کام کرے گی ۔ ہندستان میں جمیعت اہل حدیث کونسل نے فلاح و بہبود کے اداروں کے ساتھ دواخانوں‘ تعلیمی اداروں‘ رفاہی اداروں کے قیام کے علاوہ نسل نو کی معاشرتی و دینی فکر کو ابھارنے کیلئے مراکز کے قیام کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔ جناب رضوان ریاضی بانی آل انڈیا جمیعت اہل حدیث کونسل و ایڈیٹر ماہنامہ ’’رہنما‘‘ نے شہر حیدرآباد میں منعقدہ کونسل کے اجلاس سے خطاب کے دوران ان خیالات کا اظہا ر کیا اور کہا کہ جمیعت اہل حدیث کونسل کے قیام کا مقصد ہندستان میں کھوئے ماضی کو واپس لانے کی کوشش کے ساتھ نئی نسل کو اکابرین کی تعلیمات سے واقف کرواتے ہوئے ان میں دینی شعور اجاگر کرنا ہے ۔ جناب رضوان ریاضی نے بتایا کہ ملکی سیاست سے کنارہ کشی اور ان امور سے خود کو لا تعلق رکھتے ہوئے ہم ملک کی تباہی کی راہیں ہموار کرنے کے مرتکب بن رہے ہیں اسی لئے کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک بھر میں اہل سیاست کے ہاتھوں کھلونا بننے کے بجائے سابق کی طرح ملکی سیاست کا حصہ بنا جائے۔انہوں نے بتایا کہ کونسل کے بنیادی مقاصد میں نجی اداروں کا قیام نہیں بلکہ قوموں کا اثاثہ پیدا کرنا ہے اور اس مقصد کیلئے کونسل سرگرم مشاورت کے بعد قائم کی گئی ہے۔ حیدرآباد میں منعقد ہوئے اہل حدیث کونسل کے اجلاس میں ریاست تلنگانہ کے علاوہ آندھرا پردیش ‘ تمل ناڈو‘ کرناٹک‘ بہار‘ اتر پردیش ‘ جھارکھنڈ کے علاوہ دیگر ریاستوں کے ذمہ داروں نے شرکت کی اور اہل حدیث کونسل کے اجلاس کے میں کئے گئے فیصلوں کو اتفاق رائے کے ساتھ قبول کرتے ہوئے قومی سطح پر کل ہند جمیعت اہل حدیث کونسل کے تعارفی اجلاس منعقد کرنے اور حکمت عملی اور منصوبوں سے واقف کروانے کا عمل شروع کرنے کو منظوری دی ۔ اس اجلاس میں محمد انعام الحق‘ زبیر خان سعیدی‘ فصیح الدین حیدرآبادی‘ محمد عبدالرحیم خرم جامعی‘ شکیل احمد‘ عبدالسبحان پرنامبٹ‘ عبدالصمد عمری‘ حافظ محمد ابراہیم‘ عبدالکریم عمری‘ سید رحمت کے علاوہ دیگر احباب جمیعت موجود تھے۔جمیعت اہل حدیث کونسل کے اجلاس کے دوران شرکاء نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کونسل میں کاز پر توجہ دیتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کونسل بنیادی مقاصد سے انحراف نہ کرے کیونکہ سابق میں ایسی مثالیں موجود ہیں جس میں جمیعت کے عہدوں پر افراد نے کاز پر توجہ مبذول کرنے کے بجائے ذاتی اداروں کے فروغ کے لئے خدمات انجام دی ہیں۔جمیعت اہل حدیث کونسل کے حیدرآباد میں ہوئے اس اجلاس کے دوران اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ کونسل کی سرگرمیوں کو شہر حیدرآباد میں فوری طور پر شروع کرنے کے اقدامات کئے جائیں ۔

TOPPOPULARRECENT