Wednesday , December 13 2017
Home / Top Stories / نومولود کی صحت کو بہتر رکھنے ماں کا دودھ پلانا اہمیت کا حامل

نومولود کی صحت کو بہتر رکھنے ماں کا دودھ پلانا اہمیت کا حامل

نیلوفر ہاسپٹل میں ماں کے دودھ کے بینک کا افتتاح ۔ مرکزی وزیر انوپریہ پٹیل کا خطاب
حیدرآباد۔ 27اکٹوبر (سیا ست نیوز) ماں کا دودھ نومولود و شیر خوار بچوں کی صحت کا ضامن ہے اور ان کی صحت کو مستحکم رکھتا ہے۔ اسی لئے مرکزی حکومت کی جانب سے ملک بھر میں ماں کے دودھ کے بینک کے قیام کو ممکن بنانے اقداما ت کئے جا رہے ہیں جو نومولود شیرخوار بچوں کی اموات میں کمی لانے کا بہترین ذریعہ ہے۔ مرکزی وزیر صحت شریمتی انوپریہ پٹیل نے نیلوفر دواخانہ میں ’دھاتری مدرس ملک بینک‘ کا افتتاح کیا ۔ انہوںنے بتایاکہ مرکز کی جانب سے بچوں کو ماں کا دودھ پلانے کے سلسلہ میں حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے اور عوام میں ماں کے دودھ کی افادیت پر شعوربیدار کیا جا رہا ہے تاکہ نومولود و شیر خوار کی صحت کو بہتر رکھا جا سکے۔ انوپریہ پٹیل نے کہا کہ تلنگانہ میں اپنے طرز کے اس منفرد ’ماں کے دودھ کے بینک‘ کے قیام کے ذریعہ معصوم بچوں کو فائدہ پہنچانے جو اقدامات کئے گئے وہ قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے نیلوفر ہاسپٹل کو دنیا کے دوسرے بڑے دواخانہ برائے اطفال کے اعزاز پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ نیلوفر دواخانہ میں ایکسلنس سنٹر اور آل انڈیا انسٹیٹوٹ آف میڈیکل سائنس کے طرز پر ترقی کیلئے وزیر اعظم کی توجہ مبذول کروائی جائیگی۔ انہوں نے ریاست میں ایمس کے طرز پر دواخانہ کے قیام کے سلسلہ میں بھی مرکزی حکومت کو متوجہ کروانے کا تیقن دیا اور کہا کہ وہ خود اس بات کا جائزہ لیں گی۔ شریمتی انوپریہ پٹیل نے کہا کہ گذشتہ تین برسوں کے دوران تلنگانہ کو مرکز کی جانب سے شعبہ صحت میں ترقی کیلئے 954کروڑ روپئے جاری کئے گئے ۔ تلنگانہ میں محکمہ صحت کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ تلنگانہ میں ہونے والے اقدامات شعبہ صحت میں بہتری پیدا کر رہے ہیں۔انہو ں نے کہا کہ نومولود کی جملہ اموات میں 30فیصد اموات کی بنیادی وجہ ماں کا دودھ نہ ملنا ہے ۔ افتتاحی تقریب میں رکن پارلیمنٹ بنڈارو دتاتریہ ‘ریاستی وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی ‘ ایم ایل سی مسٹر ایم ایس پربھاکر‘ رکن اسمبلی جناب جعفر حسین معراج‘ مسٹر راجیشور تیواری آئی اے ایس ‘ ڈاکٹر رمیش ریڈی کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ ریاستی وزیر داخلہ اور عوامی نمائندوں نے مخاطب کیا ۔ عہدیداروں نے نیلوفر ہاسپٹل کے متعلق تفصیلات سے واقف کروایا اور کہا کہ 1000 بستروں پر مشتمل دواخانہ میں ایکسلنس سنٹر کے قیام کے سلسلہ میں کئی برسوں سے نمائندگی کی جا رہی ہے اور منصوبہ مرکز کے زیر غور ہے اگر اس کو منظوری ملتی ہے تو یہ مرکز صحت برائے اطفال دنیا کے اہم مراکز میں شمار کیا جا سکتا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT