Friday , April 20 2018
Home / شہر کی خبریں / نوٹ بندی پر منموہن سنگھ کے ریمارکس حیرت انگیز

نوٹ بندی پر منموہن سنگھ کے ریمارکس حیرت انگیز

بیجا تنقید سے گریز پر زور ، سابق وزیراعظم کو بنڈارو دتاتریہ کا مکتوب
حیدرآباد ۔ 10 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی کے سینئیر قائد اور سابق مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ نے آج سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کو روانہ کئے گئے ایک مکتوب میں ان سے خواہش کی کہ وہ مکر آمیز تنقید سے اجتناب کریں اور نوٹ بندی کے فوائد پر سچائی سے بات کریں جو ملک میں تبدیلی لانے کا ایک بڑا اقدام ہے ۔ سابق وزیراعظم کو تحریر کئے گئے ایک مکتوب میں بنڈارو دتاتریہ نے نوٹ بندی پر منموہن سنگھ کے ریمارکس کے لیے انہیں اپنی تنقید کا نشانہ بنایا ۔ بنڈارو دتاتریہ نے کہا کہ حالانکہ منموہن سنگھ حکومت نے بھی اس طرح کے اقدام پر غور کیا تھا لیکن اس میں نوٹ بندی کا فیصلہ کرنے اور اس پر عمل درآمد کرنے کی جرات نہیں تھی ۔ مسٹر دتاتریہ نے ان کے لیٹر میں کہا کہ ’ میں نہیں سمجھتا کہ آپ جیسا تجربہ کار شخص جو آر بی آئی گورنر ، وزیر فینانس اور وزیر اعظم جیسے اہم عہدوں پر فائز رہا ہو ۔ نوٹ بندی کے فوائد کو سمجھنے میں ناکام ہوگا ۔ لیکن آپ نے جو کہا ہے وہ مجبوری کے تحت کہا ہے ‘ ۔ انہوں نے کہا کہ منموہن سنگھ ایک اصول پسند شخص ہیں لیکن نوٹ بندی پر ان کے ریمارکس حیرت انگیز ہیں۔۔

TOPPOPULARRECENT