Friday , November 24 2017
Home / شہر کی خبریں / نوٹ بندی کیخلاف کانگریس کا ضلع کلکٹریٹس پر دھرنا

نوٹ بندی کیخلاف کانگریس کا ضلع کلکٹریٹس پر دھرنا

مودی حکومت پر معاشی بحران پیدا کرنے کا الزام ، اتم کمار ریڈی کا خطاب

حیدرآباد ۔ 7 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کے تمام ضلع کلکٹریٹس پر نوٹ بندی کے خلاف احتجاجی دھرنے منظم کیے گئے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے وزیراعظم پر غیر دانشمندانہ فیصلہ کرتے ہوئے ملک میں معاشی بحران پیدا کرنے کا الزام عائد کیا ۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ہدایت پر تلنگانہ کے تمام اضلاع کلکٹریٹ پر کانگریس کی جانب سے احتجاجی دھرنے منظم کرتے ہوئے کلکٹرس کو یادداشتیں پیش کی گئی ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی ، سوریہ پیٹ پر منعقدہ احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی ، صدر اے آئی سی سی ایس سی ڈپارٹمنٹ کے راجو سکریٹری اے آئی سی سی آر سی کنٹیا رکن اسمبلی پدماوتی سابق وزیر آر دامودھر ریڈی ، صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ محمد خواجہ فخر الدین ترجمان ، سید فاروق پاشاہ قادری کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ جن مقاصد کے لیے نوٹ بندی کا اعلان کیا گیا تھا نتائج اس کے برعکس برآمد ہوئے ہیں ۔ الٹا ملک میں معاشی بحران پیدا ہوگیا ہے اور سب سے زیادہ زرعی شعبہ متاثر ہوا ہے ۔ ریاست کے عوام نوٹ بندی سے پریشان ہیں ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر سیاسی مفاد پرستی کے لیے نوٹ بندی کی تائید کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کی خوشنودی حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ انہوں نے وعدوں کی عمل آوری میں ناکام ہوجانے کا مرکزی و ریاستی حکومت پر الزام عائد کیا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ محمد خواجہ فخر الدین نے کہا کہ کارپوریٹ اداروں کو فائدہ اور غریبوں کو نقصان پہونچانے کے لیے نوٹ بندی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ نوٹ بندی میں ناکام ہونے کے بعد ڈیجیٹل لین دین کی بات کی جارہی ہے ۔ غریب اور متوسط طبقہ کے افراد کے مسائل کو نظر انداز کرتے ہوئے ہندوتوا طاقتوں کے نور نظر بننے کے لیے چیف منسٹر کے سی آر نوٹ بندی کی تائید کررہے ہیں ۔ کے سی آر کی سیاسی زندگی کا آغاز کانگریس سے ہوا ہے ۔ کانگریس کام زیادہ کرتی ہے اور تشہیر کم کرتی ہے ۔ جو کے سی آر کو پسند نہیں آیا ۔ تلگو دیشم کے دور حکومت میں تھوڑا کام تھوڑی تشہیر ہوئی ہے ۔ یہ بھی کے سی آر کو پسند نہیں آیا ہے ۔ اس لیے ٹی آر ایس تشکیل دیتے ہوئے تھوڑا کام زیادہ تشہیر کے فلسفے پر کام کرتے ہوئے کے سی آر ریاست کے عوام کو گمراہ کررہے ہیں ۔ قائد اپوزیشن جانا ریڈی نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ کرنے کا نعرہ دینے والے وزیراعظم نریندر مودی خود بدعنوانیوں میں ملوث ہیں ۔ ان پر چیف منسٹر گجرات نریندر مودی نے سہارا گروپ سے جو رشوت لی تھی کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے ثبوت کے ساتھ پیش کیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT