نوین یادو جوبلی ہلز کے عوام میں کافی مقبول

حیدرآباد ۔ 27 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : جوبلی ہلز میں نوین یادو کے بحیثیت آزاد امیدوار میدان میں اترنے کے بعد مقابلہ دلچسپ ہوگیا ہے ۔ نوین یادو کے بارے میں سیاسی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ نوین یادو ایک تو مقامی امیدوار ہیں وہ جوبلی ہلز میں پیدا ہوئے جوبلی ہلز میں اپنی تعلیم مکمل کی اور اس علاقہ میں عوام کی خدمت کررہے ہیں ۔ گذشتہ انتخابات میں نوین یادو معمولی ووٹوں سے پیچھے رہے تھے ۔ لیکن اس مرتبہ سیاسی پنڈتوں کے مطابق نوین یادو کی کامیابی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں ۔ بالخصوص مسلم رائے دہندوں میں وہ کافی مقبول ہیں ۔ اس مرتبہ دوسرے امیدواروں پر جوبلی ہلز کے رائے دہندے نوین یادو پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں ۔ اور انہیں ’ ہمارے علاقہ کا بچہ ‘ قرار دیتے ہوئے انہیں اپنی تائید و حمایت کا یقین دلا رہے ہیں ۔ مقامی مسلمانوں کا کہنا ہے کہ نوین یادو مسلمانوں میں بھی مقبول ہیں اور وہ چونکہ ان کے اپنے علاقہ سے تعلق رکھتے ہیں اس لیے نوین یادو کی تائید کریں گے ۔ نوین یادو نے آج ونائک نگر ، بنجارہ نگر ، سوراج نگر ، بھرت نگر ، بورا بنڈہ ڈیویژن کا دورہ کیا جہاں عوام نے ان کا والہانہ استقبال کیا ۔ 35 سالہ نوین یادو ایک آرکیٹکٹ ہیں اور جوبلی ہلز میں ان کی اپنی ایک منفرد پہچان ہے ۔ نوین یادو گھر گھر پہنچ کر عوام سے ربط پیدا کرتے ہوئے ان سے اپیل کررہے ہیں کہ وہ 7 دسمبر کو کیرم بورڈ کے نشان پر بٹن دبائیں ان کا سلسلہ نشان 12 ہے ۔ نوین یادو نے بتایا کہ وہ فرقہ پرستی کے سخت خلاف ہیں ۔ انسانیت محبت و مروت اور ہمدردی میں یقین رکھتے ہیں ۔ ان میں حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز کے عوام کی خدمت کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے ۔ نوین یادو کے بارے میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ نوجوان ان کی تائید و حمایت میں ہیں ۔ اس کے ساتھ ہی حلقہ کی خواتین میں بھی نوین یادو کے تعلق سے ہمدردی پائی جاتی ہے ۔ بزرگ مرد و خواتین بھی نوین یادو سے کافی متاثر ہیں وہ چاہتے ہیں کہ اس مرتبہ ایک تعلیم یافتہ حرکیاتی نوجوان کو منتخب کریں تاکہ حلقہ میں کوئی مسائل باقی نہ رہیں ۔ عوام کو ہر قسم کی سہولتیں حاصل ہوں ۔ انہوں نے حلقہ میں پرائمری ہیلتھ سنٹرس پارکس اسکولس کا جال پھیلا دینے کا وعدہ بھی کیا ۔

TOPPOPULARRECENT