Friday , July 20 2018
Home / کھیل کی خبریں / نڈال اور ووزنیاکی تیسرے راؤنڈ میں داخل

نڈال اور ووزنیاکی تیسرے راؤنڈ میں داخل

 

میلبورن۔17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی اسپین کے رافیل نڈال نے اپنی مہم کو آگے بڑھاتے ہوئے آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کے تیسرے دور میں رسائی حاصل کرلی ہے جبکہ خواتین میں دوسری سیڈ کیرولینا ووزنیاکی نے دوسرے دور میں کافی مشقت کے بعد کامیابی حاصل کی۔یہاں آج سرفہرست نڈال نے راڈ لیور ایرینا میں اجنٹینا کے لیونارڈو میئر کے خلاف دو گھنٹے 38 منٹ میں راست سٹوں میں 6۔3۔ 6۔4۔ 7۔6 کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے تیسرے دور میں داخلہ حاصل کرلیا۔ نڈال نے میچ میں ایک ڈبل فالٹ کیا جبکہ میئر کو چھ ڈبل فالٹ کرنے مہنگے پڑے ۔اسپینی کھلاڑی نے پہلے سرویس پر80 فیصد نشانات حاصل کئے اور 40 ونرس لگائے ۔ فٹنیس کی فکر کو پیچھے چھوڑکر لے فارم میں کھیل رہے نڈال اب پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے کے لئے 28 ویں سیڈ بوسنیا اینڈ ہرزیگوینا کے دامر جومور سے مقابلہ کریں گے جنہوں نے آسٹریلیا کے جان ملیمین کو 7۔5، 3۔6، 6۔4، 6۔1 سے شکست دی۔دن کے دیگر میچوں میں فرانس کے جوولفریڈ سونگا کا18 سالہ کناڈیائی ڈینس شاپووالوف کے خلاف دوسرے دورکا پانچ سٹوں تک چلا میراتھن مقابلہ سب سے دلچسپ رہا جس میں 32 سالہ کھلاڑی نے اپنے تجربے سے بالآخر 3۔6، 6۔3، 1۔6، 7۔6، 7۔5 کی کامیابی حاصل کی۔ کناڈیائی کھلاڑی نے تین گھنٹے 37 منٹ طویل سخت مقابلے میں 60 ونرس لگائے ۔ اپنے کیریئر میں 16 ویں پانچ سٹوں کی کامیابی کے بعد سونگا نے کہا کہ وہ بہت تھک چکے ہیں لیکن کامیابی حاصل کرنے پر وہ بہت خوش ہیں۔چھٹے سیڈ مارن سلچ نے پرتگال کے جواو سوسا کے خلاف دوسرے راؤنڈ میں 40 ونرس اور 20 ایس لگاتے ہوئے راست سٹوں میں 6۔1، 7۔5، 6۔2 سے جیت حاصل کی۔ اگلے میچ میں وہ امریکہ کے ریان ہیریس کے خلاف اتریں گے جنہوں نے 31 ویں سیڈ اروگوے کے پابلو کیوواس کے خلاف 6۔4، 7۔6، 6۔4 سے میچ جیتا۔ دو دن پہلے یو ایس اوپن فانلسٹ کیون اینڈرسن کو شکست دینے والے کائل ایڈمنڈ نے ڈینس استومن کو 6۔2، 6۔2، 6۔4 سے شکست دی۔خاتون سنگلز کے دوسرے دور میں دنیا کی دوسرے نمبر کی کھلاڑی ووزنیاکی نے 1۔5 سے تیسرے اور فیصلہ کن سٹ میں پچھڑنے کے بعد زبردست واپسی کرتے ہوئے دو میچ پوائنٹ بچائے اور کروشیا کی نوجوان کھلاڑی جانا فیت کو 3۔6۔ 6۔2، 7۔5 سے شکست دی اور حیران کن نتائج کا شکار ہونے سے بچ گئیں۔ دوسری سیڈ ڈنمارک کی کھلاڑی اب 30 ویں سیڈ ککی برٹینس سے مقابلہ کریں گے جنہوں نے نکول گبس کو 7۔6، 6۔0 سے شکست دی۔چوتھی سیڈ ایلینا سویتولینا نے بھی ایک سٹ سے پچھڑنے کے بعد چیک جمہوریہ کی کیٹرینا سنیاکووا کو 4۔6، 6۔2، 6۔1 سے مات دی۔ یوکرین کی کھلاڑی اب اگلے راؤنڈ میں 15 سالہ ہموطن مارٹو کوستک سے مقابلہ کریں گی جنہوں نے آسٹریلین وائلڈ کارڈ اولیویا روگووسکا کو 6۔3، 7۔5 سے باہر کا راستہ دکھایا۔ سال1997 میں یو ایس اوپن کے تیسرے دور میں پہنچی مرجانا لوسی برونی کے بعد مارٹوں کسی گرانڈ سلام کے تیسرے دور میں پہنچنے والی سب سے کم عمر کھلاڑی ہیں۔آسٹریلین اوپن میں گزشتہ برس رنر اپ رہنے والی امریکہ کی وینس ولیمس کو پہلے ہی دور میں گھر بھیجنے والی سوئٹزرلینڈ کی بیلنڈا بینسس کا سفر تھائی کوالیفائر لکسیا کم کم کے ہاتھوں 1۔6، 3۔6 کی شکست کے ساتھ ختم ہوگیا۔

TOPPOPULARRECENT