Sunday , December 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / نڈال تھرڈ راؤنڈ میں ناکام ، یو ایس اوپن سے دہے میں اولین اخراج

نڈال تھرڈ راؤنڈ میں ناکام ، یو ایس اوپن سے دہے میں اولین اخراج

سرینا کیلنڈر گرانڈ سلام سے قریب تر ، کوارٹرز میں بڑی بہن وینس کا سامنا متوقع ، ٹاپ سیڈ جوکویچ بھی چوتھے راؤنڈ میں پہنچ گئے

نیویارک ، 5 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) رفائل نڈال نے ایک دہے میں یو ایس اوپن سے اپنا سب سے جلد اخراج درج کرایا، اور دو سٹس کی سبقت کے بعد اپنی اولین گرانڈ سلام شکست سے دوچار ہوگئے، جبکہ سرینا ولیمز نے پیشرفت کرتے ہوئے اپنے کیلنڈر گرانڈ سلام کا خواب برقرار رکھا ہے۔ اسپینی آٹھویں سیڈ نڈال جن کے 14 سلام ٹائٹلس میں 2010ء اور 2013ء کے یو ایس اوپن کراؤنس شامل ہیں، تھرڈ راؤنڈ میں 32 ویں سیڈ اطالوی فابیو فوگنینی کے مقابل گزشتہ روز آرتھر ایش اسٹیڈیم میں 3-6، 4-6، 6-4، 6-3، 6-4 کا شکار بنے۔ نڈال نیویارک ہارڈکورٹس پر 2005ء میں امریکی جیمز بلیک کے ذریعے تھرڈ راؤنڈ اخراج کے بعد سے اس قدر جلد نہیں ہارے تھے۔ 29 سالہ لیفٹ ہینڈر سلام میچز میں دو سٹس سے سبقت پر 151-0 کا ریکارڈ رکھتے تھے۔ نڈال نے کہا: ’’اُس نے زبردست کھیلا۔ ایسا نہیں کہ میں (خود سے) ہار گیا۔ وہ (بہتر کھیل کر) جیتا ہے۔ میں خوش نہیں لیکن مجھے اعتراف ہے وہ (میچ میں) بہتر رہا ہے۔ میں نے خراب نہیں کھیلا۔ میں نے آخری پوائنٹ تک جدوجہد کی ۔ (مگر) یہ کافی نہ ہوا۔‘‘

فوگنینی نے نڈال پر چوتھے اور پانچویں سٹس میں لگاتار سات سرویس بریکس مسلط کئے، اور زبردست مظاہرے میں اسٹار کھلاڑی کے خلاف دندناتے ہوئے 70 ونرز مارے۔ 32 سالہ فوگنینی نے آخری 16 کا مقابلہ 18 ویں سیڈ اسپینی فلیشیانو لوپیز کے ساتھ مقرر کیا ہے، جنھوں نے کناڈا کے 10 ویں سیڈ میلوس راؤنچ کو 6-2، 7-6(7/4)، 6-3 سے شکست دی۔ دریں اثناء ویمنس عالمی نمبر ایک سرینا اپنی چند غلطیوں اور ٹینس تاریخ رقم کرنے کی اپنی کوشش کے تناؤ سے آخرکار اُبھرنے میں کامیاب ہوئیں۔ سرینا نے پچھڑنے کے بعد واپسی کرتے ہوئے 101ویں رینک کی حامل امریکی ہم وطن بیتھانی ماتیک۔سینڈز کو آرتھر ایش اسٹیڈیم میں 3-6، 7-5، 6-0 سے ہرا دیا۔ اب انھیں صرف مزید چار کامیابیوں کی ضرورت ہے تاکہ 1988ء میں اسٹیفی گراف کے بعد سے پہلا کیلنڈر سلام مکمل کرسکیں۔ 33 سالہ سرینا جو تمام چار میجر ٹائٹلس جیت چکی ہیں، وہ یہاں اپنے 22 ویں کریئر سلام سنگلز کراؤن کے ذریعے بھی گراف کے اوپن ایرا ریکارڈ کی برابری کرسکتی ہیں۔ تین مرتبہ کی ڈیفنڈنگ چمپئن سرینا جو ٹاپ 10 کی کوئی حریف کا سامنا کئے بغیر پہلی بار گرانڈ سلام فائنل تک پہنچ سکتی ہیں، اگلے مقابلے میں امریکی 19 ویں سیڈ میڈیسن کیز سے کھیلیں گی۔

ٹاپ رینک کے حامل نواک جوکویچ اپنے 10 ویں کریئر سلام کراؤن اور اِس سال کے تیسرے سے ایک قدم قریب تر ہوگئے جب انھوں نے اٹلی کے اینڈریاس سیپی کو 6-3، 7-5، 7-5 سے شکست دی۔ انھیں اب چوتھے راؤنڈ میں اسپینی 23 ویں سیڈ روبرٹو باٹسٹا اگوت سے کھیلنا ہے، جو 14 ویں سیڈ بلجیم کے ڈیوڈ گوفن 6-2، 7-5، 3-6، 1-3 سے سبقت کے دوران ریٹائر ہوجانے سے ٹورنمنٹ میں آگے بڑھے ہیں۔ اس ایونٹ میں گرانڈ سلام ریکارڈ 13 مرد کھلاڑی مقابلوں سے دستبردار ہوئے ہیں۔ اس دوران وینس ولیمز نے بہن سرینا کا فائنل تک راستہ آسان کردیا جب 35 سالہ کھلاڑی نے ڈرا کے اپنی طرف کی ٹاپ ریٹنگ والی حریف 12 ویں سیڈ کم عمر سوئس بیلنڈا بنسچ کو 6-3، 6-4 سے ہرایا۔ 18 سالہ بیلنڈا نے سرینا کو آخری شکست گزشتہ ماہ ٹورنٹو سیمی فائنل میں دی تھی، لیکن وہ وینس کے مقابل 0-4 کے باہمی ریکارڈ تک گھٹ گئی۔ 23 ویں سیڈ وینس چوتھے راؤنڈ میں 152 ویں رینک کی کم عمر استونیائی کوالیفائر انیٹ کونتاویت سے کھیلیں گی اور اس کے بعد سرینا کا سامنا کرسکتی ہیں۔ وینس نے کہا، ’’مجھے امید ہے ہم دونوں کوارٹر فائنلس تک پہنچیں گے‘‘۔

TOPPOPULARRECENT