Friday , October 19 2018
Home / کھیل کی خبریں / نڈال نے ریکارڈ 11 ویں مرتبہ فرنچ اوپن جیت لیا

نڈال نے ریکارڈ 11 ویں مرتبہ فرنچ اوپن جیت لیا

پیرس ۔11جون (سیاست ڈاٹ کام )اسپین کے عالمی نمبرایک ٹینس اسٹار رافل نڈال نے فرنچ اوپن کے فائنل میں ڈومینیک تھیم کو شکست دے کر ریکارڈ 11 ویں مرتبہ چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ نڈال نے آسٹریا سے تعلق رکھنے والے نوجوان کھلاڑی ڈومینک تھیم کے خلاف میچ کے اختامی مراحل میں زخمی ہونے کے باوجود 6-4، 6-3 اور 6-2 سے کامیابی سمیٹ لی۔عالمی نمبرایک 32 سالہ اسٹار نے اس کامیابی کے ساتھ ہی گرانڈ سلام خطابات کی تعداد 17 کردی جو حریف کھلاڑی راجر فیڈرر کے ریکارڈ سے محض تین خطابات پیچھے ہیں۔ نڈال نے فرنچ اوپن کے فائنل میں مشکلات کے باوجود اعصاب کو قابو میں رکھتے ہوئے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا جبکہ انھیں چوتھے گیم میں انگلی کے زخم کا سامنا کرنا پڑا تھا اور ڈاکٹر کی مدد لینا پڑی تھی تاہم انھوں نے میچ کو جاری رکھا اور مسلسل دوسرے سال چمپین بن کر ریکارڈ 11 مرتبہ فرنچ اوپن جیتنے کا اعزاز اپنے نام کیا۔خیال رہے کہ نڈال نے 2005 میں 20 برس کی عمر میں پہلی مرتبہ فرنچ اوپن چمپیئن بننے کا اعزاز پایا تھا جس کے بعد وہ مسلسل 2008 تک چمپین رہے تاہم 2009 میں راجر فیڈرر نے ان سے یہ اعزاز چھین لیا۔کنگ آف کلے کے نام سے مشہور نڈال نے 2010 میں دوبارہ خطاب اپنے نام کیا اور 2014 تک مسلسل چمپین رہے لیکن 2015 اور 2016 میں اسٹئین واورینکا اور نوواک جوکووچ نے کامیابی سمیٹی جس کے بعد 2017 کے ٹورنمنٹ میں نڈال نے فائنل میں واورینکا کو شکست دے کر جیت کے ٹوٹے ہوئے سلسلے کو بحال کیا اور 2018 میں اس کا کامیابی سے دفاع کیا۔

TOPPOPULARRECENT