نکسلائیٹس تشدد ترک کرکے قومی دھارے میں شامل ہوجائیں

عوامی شعبہ کی کمپنیوں کا قوم کی تعمیر میں اہم رول ۔ نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو کا خطاب
حیدرآباد 8 نومبر ( سیاست نیوز) نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے آج ماؤیسٹوں سے اپیل کی کہ وہ تشدد کو ترک کریں ‘ قومی دھارے میں شمولیت اختیار کریں اور اپنی آواز کو بلند کرنے کیلئے انتخابات میں مقابلہ کریں۔ نائب صدر جمہوریہ نے آج نیشنل منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی ڈائمنڈ جوبلی تقاریب کا افتتاح انجام دیا ۔ وہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔ انہوں نے کہا کہ بیالٹ ( ووٹ ) بلٹ ( گولی ) سے زیادہ طاقتور ہے ۔ تشدد سے ماؤیسٹوں کو اپنے نظریات کو آگے بڑھانے میں کوئی مدد نہیں ملے گی اور انہیں چاہئے کہ وہ ملک میں ترقیاتی عمل کو متاثر نہ کریں۔ انہوں نے ماؤیسٹوں سے اپیل کی کہ وہ معصوم عوام کو ہراساں کرنے سے باز آجائیں ۔حیدرآباد کو ایک خوبصورت شہر قرار دیتے ہوئے وینکیا نائیڈو نے وزیر آئی ٹی و بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ کے رول کی ستائش کی اور کہا کہ وہ اس شہر کو ہر ایک کیلئے پرکشش مقام بنانے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ این ایم ڈی سی کے مثالی سفر کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوامی شعبہ کی کمپنیوں کی جانب سے ملک کی معاشی ترقی میں اہم رول ادا کیا جا رہا ہے ۔ کئی برسوں سے عوامی شعبہ کی یونٹوں نے ملک میں ایک دیرپا صنعتی بنیاد کو مستحکم کرنے میں اہم رول نبھایا ہے اور انہوں نے ملک کو کئی شعبہ جات میں ٹکنالوجی کے اعتبار سے مسابقت والا بنایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انفرا اسٹرکچر کی تعمیر میں عوامی شعبہ کی کمپنیوں نے اہم رول نبھایا ہے ۔ چاہے یہ ٹیلیکام کا شعبہ ہو یا حمل و نقل کا ‘ برقی کا شعبہ ہو یا آبپاشی کا شعبہ ہو یا پھر سڑکوں کا نیٹ ورک ہو ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شعبہ کی کمپنیوں نے لاکھوں افراد کو روزگار فراہم کیا ہے ۔ ہندوستان وہ واحد ملک ہے جہاں 65 فیصد آبادی کی عمر 35 سال سے کم ہے اور یہ ایک مثالی صورتحال ہے اور نوجوانوں کی توانائیوں اور تعلیم یافتہ آبادی سے ہندوستان کو دنیا کی ایک بڑی معاشی طاقت کے طور پر ابھارنے میں مدد ملنی چاہئے ۔ ایسا کرنے کیلئے این ایم ڈی سی جیسی کمپنیوں کو روایتی کام کاج سے آگے سوچنے کی ضرورت ہے اور نوجوانوں میں صلاحیتوں کو فروغ دیا جانا چاہئے ۔ اس کے علاوہ میک ان انڈیا کی مہم کو آگے بڑھایا جانا چاہئے ۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ این ایم ڈی سی نے کئی شعبہ جات میں نمایاں کام انجام دئے ہیں۔ ریاست میں بیارم اسٹیل پلانٹ کے قیام کے تعلق سے مسٹر نائیڈو نے تقریب میں موجود مرکزی وزیر فولاد بریندر سنگھ سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تنظیم جدید آندھرا پردیش قانون 2014 میں جو کچھ بھی تیقنات دئے گئے ہیں ان کو پورا کیا جائے ۔

TOPPOPULARRECENT