Tuesday , November 21 2017
Home / Top Stories / نہرو۔ گاندھی خاندان کے سبب ملک کی ترقی نہ ہوئی : امیت شاہ

نہرو۔ گاندھی خاندان کے سبب ملک کی ترقی نہ ہوئی : امیت شاہ

اترپردیش میں ایس پی یا بی ایس پی اقتدار سے کسی ایک کمیونٹی کی ترقی ہوگی ۔ ملک میں ہمہ جہت ترقی صرف بی جے پی سے ممکن
کاکوری (یو پی) ، 13 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کو ہدف تنقید بناتے ہوئے صدر بی جے پی امیت شاہ نے آج الزام عائد کیا کہ ملک میں آزادی کے بعد سے کوئی ترقی نہیں ہوئی کیونکہ ’’ایک خاندان‘‘ 60 سال حکمرانی پر قابض رہا اور دعویٰ کیا کہ صرف بی جے پی ہی ترقی کی نقیب ہوسکتی ہے۔ آئندہ سال مقررہ اترپردیش اسمبلی چناؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ اگر ملک کو ترقی کرنا ہو تو اس ریاست کی ترقی ناگزیر ہے۔ ’’ہمیں آزادی حاصل ہوئے 70 سال ہوچکے ہیں۔ لیکن ملک میں کوئی ترقی نہیں ہوئی کیونکہ ایک خاندان 60 سال برسراقتدار رہا۔‘‘ امیت شاہ نے سابقہ کانگریس حکومتوں پر چوٹ کی کہ وہی ملک میں ترقی کے فقدان کے ذمے دار ہیں۔ ’’مجھے یہ کہتے ہوئے دکھ ہوتا ہے کہ ہمیں آزادی پائے 70 سال ہورہے ہیں اور 60 سال کانگریس کی حکمرانی رہی اور نتیجہ ہر کسی کے سامنے ہے۔ امیت شاہ ’ترنگا یاترا‘ کے موقع پر مخاطب تھے، جو ’یاد کرو قربانی‘ پروگرام کا حصہ ہے جو یوم آزادی سے قبل مجاہدین آزادی کی قربانیوں کی یاد منانے کی غرض سے منعقد کیا جارہا ہے۔ یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ اس ملک میں صرف بی جے پی ہی ترقی کی نقیب ہوسکتی ہے، انھوں نے کہا کہ اگر ایس پی یا بی ایس پی کو اترپردیش میں اقتدار حاصل ہوا تو وہ صرف ایک کمیونٹی کی ترقی کیلئے کام کریں گے۔

امیت شاہ نے لکھنو کے مضافات میں منعقدہ ایونٹ میں کہا: ’’اگر ایس پی یا بی ایس پی برسراقتدار آئے تو وہ صرف ایک برادری کی ترقی کیلئے کام کریں گے۔ بی جے پی ہی اس ریاست کی ہمہ جہت ترقی کو یقینی بناسکتی ہے۔ بی جے پی کا ایقان ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘ میں ہے۔‘‘ انھوں نے کہا کہ اترپردیش کی ترقی کے بغیر یہ ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ یہ پروگرام کاکوری ٹاؤن میں منعقد کیا گیا جو کاکوری ٹرین ڈکیتی کے سبب خبروں میں آیا تھا جب بعض ہندوستانی انقلابیوں نے 9 اگسٹ 1925ء کو ایک ٹرین سے برطانوی حکومت کا خزانہ لوٹ لیا تھا۔ ترنگا یاترائیں 23 اگسٹ تک منعقد کی جائیں گی جن میں 75 وزراء جدوجہد آزادی سے تعلق رکھنے والے 150 مقامات کا دورہ کریں گے اور سات خاتون وزراء ملک کی سرحدوں کا دورہ کرتے ہوئے وہاں تعینات سپاہیوں کو راکھیاں باندھیں گی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ان تقاریب کا منگل کو مجاہد آزادی چندرشیکھر آزاد کے مدھیہ پردیش میں آبائی مقام سے آغاز کیا تھا۔ وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ اس یاترا میں شاہجہاں پور میں حصہ لیں گے اور وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری مغل سرائے جائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT