Saturday , December 15 2018

نیا شہری ترقیاتی مشن بنانے مرکز کا منصوبہ

ریاستوں کو انفراسٹرکچر کی تیاری میں تعاون، ورلڈ میٹرو پولس کانگریس سے صدرجمہوریہ کا خطاب

ریاستوں کو انفراسٹرکچر کی تیاری میں تعاون، ورلڈ میٹرو پولس کانگریس سے صدرجمہوریہ کا خطاب
حیدرآباد 9 اکٹوبر (سیاست نیوز) صدرجمہوریہ مسٹر پرنب مکرجی نے کہاکہ حکومت ہند ایک نیا شہری ترقیاتی مشن شروع کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے تاکہ انفراسٹرکچر کی تیاری اور شہروں کو تیزی سے ترقی دینے کے لئے عالمی سطح کی خدمات فراہم کرنے میں ریاستوں کو مدد مل سکے۔ یہاں گیارہویں عالمی میٹرو پولیس کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے صدرجمہوریہ نے کہاکہ یہ نیا مشن اِس طرز پر تیار کیا جارہا ہے کہ ملک کے 500 شہروں میں تیز تر سرگرمیاں انجام دیتے ہوئے اِنھیں ترقی دی جائے۔ شہری شعبہ میں حوصلہ افزائی کے لئے خانگی کمپنیاں بھی حصہ لے رہی ہیں۔ اُنھوں نے عالمی سطح پر شہروں کو ترقی دینے کے منصوبہ پر زور دیتے ہوئے کہاکہ یہ شدت سے محسوس کیا جارہا ہے کہ شہروں کی منصوبہ بند طریقہ سے ترقی ہی ملک کی ترقی کی کلید ہے۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ شہری علاقے اِن دنوں بنیادی سہولتوں اور انفراسٹرکچر کی فراہمی میں رکاوٹوں کا سامنا کررہے ہیں۔ ملک کے تقریباً 9 فیصد شہری علاقوں میں محفوظ پینے کا پانی میسر نہیں ہے۔ 12.6 فیصد شہری علاقوں میں بیت الخلاؤں کی سہولت بھی نہیں ہے۔ صدرجمہوریہ نے واضح کردیا کہ شہری نظم و نسق کو ایسی ٹیکنالوجی استعمال کرنی چاہئے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولتیں فراہم کی جاسکیں اور یہ شہر تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ملک کو مستحکم بناسکیں۔ بنیادی سہولتوں کے حصول میں عوام اپنا قیمتی وقت ضائع کرنے کے بجائے ترقیاتی کاموں میں مصروف ہوسکتے ہیں اِس لئے حکومت کو چاہئے کہ وہ شہریوں کو بہتر سرویس فراہم کرے۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے اپنی تقریر میں انسانی زاویئے سے شہروں کی ترقی کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ حکومت شہر حیدرآباد کو عالمی خطوط پر ترقی دینے کی کوشش کررہی ہے اور استنبول کے خطوط پر تاریخی عمارتوں کو متاثر کئے بغیر حیدرآباد کو ترقی دی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ تاریخی عمارتوں کو متاثر کئے بغیر ترقی کے لئے دنیا کے سامنے استنبول ایک شاندار مثال ہے۔ چیف منسٹر نے توقع ظاہر کی کہ میٹرو پولس کانفرنس تعمیری اور اختراعی پلیٹ فارم فراہم کرے گا تاکہ ترقیاتی منصوبے اور نظریات کا تبادلہ ہوسکے۔ ساری دنیا میں 50 فیصد شہری علاقوں میں عوام کو بہتر سہولت فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ شہری علاقوں کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے کیونکہ نقل مکانی کرنے والو ں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ سلم سے پاک شہروں کو ترقی دینے کی کوشش کی جانی چاہئے۔ عالمی درجہ کے شہروں کو سلم سے پاک ہونا چاہئے اور یہاں سلم علاقوں کے قیام کی ہرگز اجازت نہیں دی جانی چاہئے۔ میٹرو پولس کانفرنس کے موقع پر شہری اداروں کے مختلف مسائل پر بھی غور و خوض کیا گیا۔ جوہانسبرگ کے ایکزیکٹیو میئر اور میٹرو پولس کانگریس کے معاون صدر مسٹر پرک تاؤ نے بھی خطاب کیا۔گورنر ای ایس ایل نرسمہن ، میئر جی ایچ ایم سی محمدماجد حسین بھی اِس موقع پر موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT