Friday , December 15 2017
Home / Top Stories / نیتاجی کو ساتھ لے کر چلیں گے: اکھلیش یادو

نیتاجی کو ساتھ لے کر چلیں گے: اکھلیش یادو

والداور بانی ایس پی سے اٹوٹ تعلقات، انتخابی کامیابی اور تشکیل حکومت اولین ترجیح

لکھنؤ 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے چیف منسٹر اکھلیش یادو نے سیکل کا انتخابی نشان حاصل کرلینے کے بعد آج کہاکہ وہ ملائم سنگھ یادو کو اپنے ساتھ لے کر چلیں گے۔ انھوں نے اپنے والد اور سماج وادی پارٹی کے بانی کے ساتھ اپنے تعلقات کو اٹوٹ قرار دیا۔ اکھلیش نے کہاکہ فی الحال ان کی ترجیح اترپردیش میں دوسری میعاد کے لئے ایس پی حکومت تشکیل دینا ہے۔ اکھلیش نے 5 کالیداس مارگ پر واقع اپنی سرکاری رہائش گاہ پر اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ’’مجھے یقین تھا کہ ہمیں سیکل کا نشان حاصل ہوجائے گا۔ اب بہت ہی کم وقت باقی ہے اور مَیں امیدواروں کی فہرست کو قطعیت دینا چاہتا ہوں۔ یہ ایک بھاری ذمہ داری ہے اور میں سب کو ساتھ لے کر چلوں گا‘‘۔ الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز ملائم سنگھ کو ایک زبردست دھکہ لگاتے ہوئے ایس پی کا انتخابی نشان اکھلیش کو دے دیا تھا اور ان (اکھلیش) کی زیرقیادت گروپ کو سماج وادی پارٹی کی حیثیت سے تسلیم کیا گیا تھا جس سے اترپردیش اسمبلی انتخابات سے عین قبل چیف منسٹر اکھلیش کو غیرمعمولی تقویت حاصل ہوگئی ہے۔ وی آئی پی سکیورٹی زون میں واقع وسیع و عریض بنگلہ کے باہر ایس پی کے نوجوان قائدین اور ورکروں کی کثیر تعداد ’’سب بولو دل سے ۔ اکھلیش بھیّا پھر سے‘‘ جیسے نعرے لگارہی تھی۔ الیکشن کمیشن سے انتخابی نشان سیکل حاصل کرلینے کے بعد اکھلیش نے کل رات دیر گئے اپنے والد ملائم سنگھ سے ملاقات کی۔ بعدازاں ٹوئٹر پر اپنے والد کے ساتھ لی گئی تین قدیم تصاویر جاری کیں۔ علاوہ ازیں یکم جنوری کو منعقدہ کنونشن کی دو تصاویر اس پیغام کے ساتھ جاری کیاکہ سیکل چلتی جائے گی۔ آگے بڑھتی جائے گی‘‘۔ ریاستی وزراء ایس پی ارکان اسمبلی، قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد صبح کی اولین ساعتوں سے ہی ان کی رہائش گاہ پر جمع ہوگئی تھی اور قریب ہی واقع ایس پی ہیڈ کوارٹرس پر پارٹی کے ٹکٹ کے خواہشمندوں کی کثیر تعداد بھی دیکھی گئی جہاں ایس پی کے ریاستی صدر نریش اتم نے ورکروں سے ملاقات کی۔ اس دوران ملائم سنگھ دن بھر اپنے بنگلہ میں رہے جو چیف منسٹر کی رہائش گاہ سے قریب ہی واقع ہے۔ ملائم نے اپنے بھائی شیوپال کے علاوہ امبیکا چودھری اور دوسروں سے ملاقات کی۔

TOPPOPULARRECENT