Wednesday , September 19 2018
Home / ہندوستان / نیلوفر شدید سمندری طوفان میں تبدیل

نیلوفر شدید سمندری طوفان میں تبدیل

گجرات میں چوکسی ، مرکز نیلوفر کے مقابلے کیلئے گجرات کی مدد کرنے تیار

گجرات میں چوکسی ، مرکز نیلوفر کے مقابلے کیلئے گجرات کی مدد کرنے تیار
احمدآباد ؍ نئی دہلی ۔27 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) سمندری طوفان نیلوفر جس کا مبداء بحرۂ عرب ہے شدت اختیار کرگیا ہے اور امکان ہے کہ نالیہ دیہات ضلع کچھ کے قریب 31 اکٹوبر کو ساحل سے ٹکرائے گا ۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے بموجب نیلوفر انتہائی شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہوگیا ہے جس کے زیراثر سوراشٹر اور کچھ کے ساحلی علاقوں میں تیز رفتار ہوائیں چلنے کے ساتھ زبردست بارش ہوسکتی ہے ۔ سرکاری عہدیداروں کے بموجب گجرات انتظامیہ سمندری طوفان سے لاحق ہونے والے کسی بھی چیلنج کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے ۔ جاریہ ماہ سمندری طوفان ہُد ہُد کے بعد ہندوستان کے ساحل سے ٹکرانے والا یہ دوسرا طوفان ہوگا۔ ہُد ہُد نے ساحلی آندھراپردیش میں زبردست تباہی پھیلائی ہے ۔ شدید سمندری طوفان نیلوفر فی الحال بحرۂ عرب کے مغربی وسطی علاقہ میں مرکوز ہے اور انتہائی شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ یہ دیہات نالیہ کے جنوب مغرب میں تقریباً 1170 کیلومیٹر کے فاصلے پر ہے ۔ جنوب ۔ جنوب مغرب کی سمت میں ضلع کچھ سے 1230 کیلومیٹر اور مشرق ۔ جنوب مشرق کی سمت میں عمان سے 880 کیلومیٹر کے فاصلے پر ہے ۔ ابتداء میں اس کی پیشرفت شمال ۔ شمال مغرب کی سمت آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران رہے گی ۔ اس کے بعد یہ شمال مغرب کی سمت مڑ جائیگا اور گجرات پار کرکے متصلہ پاکستان کے ساحل سے ٹکرائے گا۔ 31 اکٹوبر کی صبح دیہات نالیہ کے ساحل سے ٹکرانے کا اندیشہ ہے تاہم گجرات کے ساحل کے قریب موجود نظام کے بموجب سمندری طوفان ساحل پار کرتے وقت کمزور پڑجائیگا اور اس کی شدت میں کمی واقع ہوگی ۔ نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب مرکزی حکومت نے آج حکومت گجرات کی بچاؤ اور راحت رسانی انتظامات کا جائزہ لیا اور سمندری طوفان نیلوفر کا سامنا کرنے کیلئے ریاست کو بھرپور امداد فراہم کرنے کا تیقن دیا۔

TOPPOPULARRECENT